حیدرآباد۔ 23 مارچ (سیاست نیوز) وزیر آبکاری پدمارائو نے کہا کہ دھول پیٹ میں 5 ایکر سرکاری اراضی پر چھوٹی صنعیتیں قائم کرتے ہوئے گڑمبے کا کاروبار کرنے والے خاندانوں کی بازآبادکاری کی جائیگی۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران رام لنگاریڈی اور راجہ سنگھ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے پدما رائو نے کہا کہ دھول پیٹ کے خاندانوں کی بازآبادکاری کے سلسلہ میں انہوں نے اسمبلی میں دو مرتبہ تیقن دیا تھا لیکن چیف منسٹر کے پاس اس مسئلہ پر مشاورت نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ وہ راجہ سنگھ کے ہمراہ چیف منسٹر سے ملاقات کرتے ہوئے بازآبادکاری اسکیم کی منظوری حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں گڑمبے کی تیاری اور فروخت پوری طرح بند ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بازآبادکاری کے تحت پیکیج تیار کیا گیا اور ابھی تک 6,180 افراد کو 2 لاکھ روپئے فراہم کیے گئے تاکہ وہ کسی کاروبار کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں تاڑی اور کھجور کے درختوں کو فروغ دینے کے لیے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ 2017ء تک 169.44 لاکھ کھجور کے درختوں کو اگایا گیا۔ مالیاتی سال 2018-19ء میں 2 کروڑ کھجور کے درختوں کی شجر کاری کا نشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں تاڑی تاسندوں کی بازآبادکاری کی جائے گی۔