کولکتہ ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے قومی ترجمان ایم جے اکبر نے آج کہا ہیکہ مرکز کی جن دھن یوجنا جس کے ذریعہ غریبوں کو بینکنگ نٹ ورک میں لایا گیا ہے، اب عوام کو چٹ فنڈ کمپنیوں سے رجوع ہونے سے باز رکھے گا۔ فرینڈس آف بی جے پی کے زیراہتمام باہم ملاقات کے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شردھا اور روزویلی جیسی چٹ فنڈ کمپنیوں کا صحیح جواب جن دھن اسکیم ہے چونکہ عوام کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے اس لئے وہ چٹ فنڈ کمپنیوں سے رجوع ہوتے ہیں لیکن اس مسئلہ کا حل تلاش کرلیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اگر غریبوں کو بینک اکاونٹ دیئے جاتے ہیں تو چٹ فنڈ کمپنیاں غائب ہوجائے گی اور مذکورہ اسکیم کی یہ امتیازی خصوصیات ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے کہا جو لوگ چٹ فنڈ کمپنیوں کی تائید کرتے ہیں وہی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ انتہائی شرمناک بات ہیکہ ملک میں ہنوز 400 ملین افراد سطح غربت سے نیچے زندگی گذار رہے ہیں اور یو پی اے دورحکومت میں بیروزگاری میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا۔
ہائیکورٹ جج کیخلاف
تحقیقاتی کمیٹی تشکیل
نئی دہلی ۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدرنشین راجیہ سبھا حامد انصاری نے مدھیہ پردیش ہائیکورٹ کے جج جی کے گنگیلے کے خلاف جنسی ہراسانی کے الزامات کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جبکہ راجیہ سبھا کے 58 ارکان کی تحریک سرزنش کو قبولیت کے ایک ماہ بعد یہ اقدام کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ جج وکرم جیت سین کی زیرقیادت کمیٹی میں کولکتہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس منجولہ چیلورو اور جسٹس وینو گوپال ارکان ہوں گے۔