دھمکی آمیز پیام پہنچانے والے کبوتر کی عنقریب رہائی

چندی گڑھ۔ 5 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک کبوتر کو جسے اُردو میں تحریر کردہ پیام کے ساتھ حراست میں لیا گیا تھا، امکان ہے کہ بہت جلد رہا کردیا جائے گا، کیونکہ اُسے مزید تحویل میں رکھنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔ اس پیام میں وزیراعظم نریندر مودی کو دھمکی دی گئی تھی۔ سرمئی رنگ کے اس کبوتر کو چند دن قبل سرحد پار سے یہاں پہنچا تھا، اب بھی پٹھان کوٹ میں پولیس تحویل میں رکھا گیا ہے۔ پٹھان کوٹ کے پولیس عہدیدار نے کہا کہ یہ کبوتر ہنوز یہاں موجود ہے، اسے جنگلاتی علاقہ میں چھوڑ دیا جائے گا اور اس بارے میں فیصلہ ایک یا دن میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پرندے کو تحویل میں رکھنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ یہ کبوتر 2 اکتوبر کو پٹھان کوٹ میں سمبل چوکی پر بی ایس ایف کو دستیاب ہوا تھا۔ اس کے پیر پر ایک کاغذ کا ٹکڑا بندھا ہوا تھا جس میں اُردو زبان میں یہ تحریر تھا: ’’مودی ! ہمیں 1971ء (ہند ۔ پاک جنگ) کی طرح کے لوگ نہ سمجھیں ، اب ہمارا ہر بچہ ہندوستان کے خلاف لڑائی کیلئے تیار ہے‘‘۔