بیجنگ ۔25 ستمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) چین کا کہنا ہے کہ ایسے میں جب کہ اس کی ’’گردن پر تلوار لٹک رہی ہے‘‘ امریکہ کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنا ممکن نہیں۔ بیجنگ کا یہ موقف، چین سے امریکہ جانے والی سالانہ 200 ارب ڈالر کی مصنوعات پر نیا ٹیکس نافذ العمل ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔ چین کے نائب وزیر تجارت وانگ شوئن نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ امریکہ نے بڑے پیمانے پر نئی تجارتی پابندیوں کا راستہ اپنا لیا ہے۔ ایسے میں مذاکرات کس طرح کیے جا سکتے ہیں جب کہ ہماری گردن پر اس طرح تلوار لٹک رہی ہو؟ اس دُہرے پن کے ماحول میں مذاکرات اور مشاورت ہر گز نہیں ہو گی۔امریکہ میں چین سے درآمد کی جانے والی 200 ارب ڈالر کی اشیاء پر 10% ٹیکس لاگو ہو گیا ہے۔