سمستی پور ، 11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) انڈین مجاہدین کے مفرور کارندہ تحسین اختر عرف مونو جسے پٹنہ اور بودھ گیا سلسلہ وار دھماکوں کے پس پردہ کارفرما سرغنہ سمجھا جاتا ہے، اس کی جائیداد اس کی خودسپردگی کیلئے دی گئی مہلت ختم ہوجانے کے بعد آج قرق کرلی گئی۔ این آئی اے اور بہار پولیس کی جوائنٹ ٹیم تحسین کے مکان واقع منیارپور موضع پہنچی جو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز سے تقریباً 12 کیلومیٹر دوری پر ہے، اور اس کے والد وسیم اختر اور دیگر ارکان خاندان کی موجودگی میں جائیداد قرق کرلی، منیارپور پولیس اسٹیشن کے آفیسر انچارج اصغر امام نے یہ بات کہی۔ این آئی اے اور پولیس نے خودسپردگی کی مہلت 9 جنوری کو ختم ہوجانے کے بعد مفرور ملزم کی جائیداد قرق کرلینے کیلئے پٹنہ کی عدالت کے حکمنامہ کی تعمیل کی ہے۔ امام نے کہا کہ اس ٹیم نے مکان سے ایک کمپیوٹر اور ایک ٹی وی سٹ کو ضبط کیا ہے۔