ممبئی ۔ 9 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : بالی ووڈ کے سینئیر اداکار دھرمیندر نے آج اپنی 79 ویں سالگرہ اکیلے یعنی اپنی ایم پی بیوی ہیمامالنی کے بغیر منائی جو پنجاب میں فلم شوٹنگ میں مصروف ہیں ۔ دھرمیندر نے ٹوئٹر پر تحریر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں آج اپنی سالگرہ اکیلے ہی منانا پڑ رہی ہے حالانکہ ان کی پہلی بیوی اور بچوں یعنی سنی دیول اور بابی دیول کے علاوہ ہیمامالنی اور دھرمیندر کی بیٹیوں ایشا اور آہانہ دیول نے بھی انہیں مبارکباد پیش کی ۔ دھرمیندر کا کہنا ہے کہ آج کل سب کو اپنی اپنی مصروفیتیں ہیں لہذا کسی کے موجود ہونے یا نہ ہونے سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا ۔
یاد رہے کہ دھرمیندر 90 ء کی دہائی تک بالی ووڈ کے انتہائی مصروف اداکاروں میں شمار کئے جاتے تھے لیکن جب سے انہوں نے کیریکٹر رولز کرنے شروع کئے ان کی کچھ ہی فلمیں باکس آفس پر کامیاب ہوسکیں جن میں ’ لائف ان اے میٹرو ‘ ، ’ یملا پگلا دیوانہ ‘ اور ’ اپنے ‘ قابل ذکر ہیں ۔ انہوں نے 60 ء کی دہائی میں فلم ’ دل بھی تیرا ہم بھی تیرے ‘ کے ساتھ اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا تھا جسے آنجہانی ارجن ہنگوراتی نے پروڈیوس کیا تھا ۔ اس فلم میں دھرمیندر کی ہیروئن کم کم تھیں۔۔