دھابولکر و پنسارے کے لواحقین کیلئے سکیوریٹی سخت

پونے 17 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا حکومت کی جانب سے معقولیت پسند جہد کاروں گوند پنسارے اور پنسارے کے رشتہ داروں کیلئے سکیوریٹی سخت کردی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ گوری لنکیش قتل کیس میں گرفتار شدہ ایک ملزم کے پاس سے ایک ڈائری برآمد ہوئی تھی۔
جس میں تین رشتہ داروں میگھا پنسارے ‘ حامد دھابولکر اور ان کی بہن و جہد کار مکتا دھابولکر کے نام تحریر تھے ۔ یہ نام ہٹ لسٹ کے طور پر شامل کئے گئے تھے ۔ ذرائع کے بموجب ریاستی انٹلی جنس محکمہ ان اطلاعات کے بعد فکرمند تھا اور اس کی سفارش پر ان تینوں کو ایکس زمرہ کی سیکیوریٹی فراہم کی گئی ہے ۔ شبہ کیا جا رہا ہے کہ یہ ڈائری گوری لنکیش قتل کیس کے ملزم امول کالے کی ہوسکتی ہے جسے کرناٹک پولیس نے پونے میں پمپری علاقہ سے مئی میں گرفتار کیا تھا ۔ اس ڈائری میں ان تینوں کے نام ہٹ لسٹ میں شامل تھے ۔ اس کے علاوہ اس میں تھیٹر اداکار گریش کرناڈ ‘ معروف قلمکار بی ٹی للیتا نائک اور دوسروں کے نام بھی شامل تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ان اطلاعات کے بعد ان تینوں کی سکیوریٹی کو مستحکم کردیا گیا ہے ۔