دھابولکر اور گویند پنسارے قتل کیس کی سست روی پر عدالت کی فڈنویس پر برہمی

ممبئی 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بمبئی ہائیکورٹ نے آج چیف منسٹر مہاراشٹرا فڈنویس پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ انتہائی شرمناک پہلو ہے کہ اُنھیں جہدکار نریندر دھابولکر اور گویند پنسارے کی ہلاکت کے بارے میں کی جانے والی تحقیقات کا جائزہ لینے اور اُس میں پائی جانے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کی فرصت نہیں ہے۔ عدالت نے برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ وہ (چیف منسٹر) اپنے پاس 11 قلمدان رکھتے ہیں جس میں وزارت داخلہ بھی شامل ہے۔ لیکن اُنھیں اتنی فرصت ہی نہیں کہ وہ اِن مقدمات کی یکسوئی میں دلچسپی لیں اور اِس کیس کی تحقیقات میں پائی جانے والی رکاوٹوں کو دور کریں۔ واضح رہے کہ سی بی آئی جہدکار دھابولکر کی ہلاکت کی تحقیقات کررہی ہے جبکہ ریاست کی سی آئی ڈی گویند پنسارے کے قتل کی تحقیقات کررہی ہے۔ عدالت نے کہاکہ یہ معاملہ کسی ایک سیاسی پارٹی سے تعلق نہیں رکھتا۔ یہ ایک انتہائی حساس معاملہ ہے جسے دوسروں کے ذریعہ انجام نہیں دیا جاسکتا۔