دکن کرانیکل ہولڈنگس لمیٹیڈ کے چیرمین وینکٹ راما ریڈی اور بھائی کی درخواست ضمانت مسترد

حیدرآباد ۔ 15 اپریل (سیاست نیوز) حیدرآبادہائیکورٹ نے آج دکن کرانیکل ہولڈنگس لمیٹیڈ کے چیرمین پی وینکٹ راماریڈی اور ان کے بھائی و میڈیا فرمس منیجنگ ڈائرکٹر پی وینکیا روی ریڈی کی درخواست ضمانت کو مسترد کردیا ہے۔ یہ تمام افراد گذشتہ چند ماہ سے مقامی جیل میں محروس ہیں۔ انہیں مبینہ قرض دھوکہ دہی کیس کے سلسلہ میں سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا۔ قبل ازیں بھی سیشن کورٹ میں ان دونوں کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی۔ ہائیکورٹ جسٹس یو درگا پرساد راؤ نے ریڈی برادرس کی جانب سے داخل کردہ درخواست ضمانت کو خارج کردیا۔ عدالت کی کارروائی دوپہر کے وقفہ سے قبل ان درخواستوں پر سماعت کی گئی تھی۔ عدالت نے درخواست گذاروں اور سی بی آئی کے وکلاء کے بحث کی سماعت کی۔ سی بی آئی نے گذشتہ ہفتہ ضمانت منظور کرنے کی مخالفت کی تھی۔