کیرئیر پروگرام میں تعلیم و روزگار پر کئی سوالات ، ایم اے حمید کے مدلل جوابات
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : دکن ریڈیو کے ہفتہ واری پروگرام ’ کام کی بات ‘ کیرئیر گائیڈنس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ۔ ایک گھنٹہ کے پروگرام کے بجائے دو گھنٹے تک چلایا گیا ۔ اس ہفتہ کا موضوع ڈگری کے بعد تعلیمی مواقع تھا اس میں شہر ، اضلاع سے بے شمار امیدواروں نے سوالات کئے ۔ بالخصوص سرکاری ملازمتوں کے لیے اور پبلک سیکٹر شعبہ میں روزگار کے لیے گریجویٹ امیدواروں کے مواقع پر سوالات کیے گئے ۔ جن کا ماہر تعلیم ایم اے حمید کیرئیر کونسلر سیاست نے تفصیلی جواب دیا اور بتلایا کہ کئی ایسے کورسز ہیں جن میں داخلے کے لیے کسی بھی مضمون کا گریجویٹ امیدوار اہل ہے ۔ سرکاری ملازمتوں میں مرکز کا قومی سطح پر اسٹاف سلکشن کمیشن کا گریجویٹ لیول مسابقتی امتحان ہر سال ہوتا ہے ۔ بنکوں کے لیے آئی بی پی ایس کے کامن تحریری امتحان اور اسٹیٹ بنک کے پروبیشنری آفیسرس کے امتحانات ہوتے ہیں ۔ ریلوے کے گروپ جی اور دیگر زمرہ کے پوسٹ کے لیے بھی گریجویٹ امیدوار اہل ہیں ۔ ڈگری کامیاب یا اب سال آخر کا امتحان دئیے طلبہ کو چاہئے کہ وہ اعلیٰ تعلیم اور پروفیشنل کورسز میں داخلے کے لیے انٹرنس امتحانات لکھیں ۔ بی ایڈ کے لیے ایڈسیٹ یل یل بی کے لیے لا سٹ ، یم بی اے کے لیے آئی سیٹ اور پوسٹ گریجویشن کورسز کے لیے اوسٹ ہے ۔ اس کے ذریعہ داخلہ ملے گا اور پی جی ریگولر کے علاوہ فاصلاتی تعلیم سے کرنے کی بھی سہولت ہے ۔گرچہ ڈگری کے بعد کئی راہیں نکلتی ہیں ۔ اعلیٰ تعلیم ہو یا حصول ملازمت اس کے لیے امیدواروں کو باخبر رہنا ۔ فارم داخل کرنا اور شریک امتحان ہونا اہم ہے ۔ جناب زاہد فاروقی پروگرام کوآرڈینٹر و ریڈیو اسٹیشن ماسٹر نے بڑی عمدگی سے ان میں ریکارڈ کئے گئے سوالات ، دوران پروگرام راست پوچھے جانے والے سوالات کے علاوہ اسٹوڈیو میں شخصی طور پر کئے جانے والے سوالات کو شامل پروگرام کیا اور سوالات کی تعداد کو طلبہ کے رجحان کو دیکھتے ہوئے پروگرام کے اوقات کو ایک گھنٹہ سے بڑھاکر دیڑھ تا دو گھنٹے کرنا پڑا ۔ جناب فہیم انصاری ، محمد منیر احمد ، صفورہ ، حنا ، یاسمین نے معاونیت کی ۔ زاہد فاروقی نے شکریہ ادا کیا ۔۔