دکن ریڈیو کے اوپن یونیورسٹی / فاصلاتی تعلیم سے متعلق راست نشریہ پروگرام میں ماہر تعلیم ایم اے حمید کے جوابات

حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : دکن ریڈیو 107.8 پر ہفتہ واری کیرئیر پروگرام میں آج کے موضوع ’ اوپن یونیورسٹی اور فاصلاتی تعلیم ‘ سے متعلق سوالات کے جوابات ماہر تعلیم ایم اے حمید کیرئیر کونسلر سیاست نے دئیے ۔ اس پروگرام میں ریکارڈ کئے گئے سوالات کے علاوہ دوران پروگرام راست پوچھے جانے والے سوالات کو شامل کرتے ہوئے جوابات دئیے گئے ۔ اوپن یونیورسٹی کے ڈگری کی قدر و قیمت کیا ہے ۔ کیا اس کے بعد پی جی یا اعلی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں ۔ فاصلاتی تعلیم کرنے سے کیا فائدے ہیں اور ان میں کیا فرق ہے ۔ اوپن یونیورسٹی سے ڈگری کرنے کی جو سہولت ہے اس کے لیے تعلیمی قابلیت یا سند نہیں بلکہ عمر دیکھی جاتی ہے اور اس میں بھی اقل ترین حد عمر 18 سال ہے اور اعظم ترین حد عمر مقرر نہیں ہے ۔ اس طرح 18 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے جو کسی وجہ سے ابتدائی عمر میں تعلیم حاصل نہ کرسکیں راست گریجویشن کرسکتے ہیں ۔ اس پروگرام میں جو ایک گھنٹہ چلا اسٹوڈیو میں موجود سامعین کے راست سوالات کے جوابات بھی دئیے گئے ۔ پروگرام کوآرڈینٹر زاہد فاروقی نے موثر انداز میں سوالات کئے ۔ معاون فہیم انصاری اور محمد منیر تھے جب کہ مس صفا ، یاسمین اور حنا نے انتظامات کئے ۔ آخر میں زاہد فاروقی نے شکریہ ادا کیا ۔۔