دکنی فلموں کے لیے حکومت کی جانب سے ہر ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے کا تیقن

دکن فلم سوسائٹی کا قیام ، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ۔ جون : ( ایم اے سلام ) : حکومت تلنگانہ دکنی فلمسازی کے فروغ اور اس صنعت کی حیدرآباد میں کشادگی اور زیادہ سے زیادہ معیاری فلموں کی تیاری کے لیے ہر ممکنہ سہولتیں دینے کے لیے تیار ہے تاکہ حیدرآباد میں بننے والی فلموں کو ایک صنعت کا درجہ حاصل ہو اور فنکاروں کو فنکاری کے مواقع حاصل ہوسکے ۔ یہ بات آج یہاں ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے حیدرآبادی فلموں کے سینکڑوں فنکاروں اور ٹکنیشن کی جانب سے ایک پلیٹ فارم کے طور پر تشکیل دی گئی دکن فلم سوسائٹی کے قیام کے موقع پر ایک پریس کانفرنس میں بتائی ۔ اس سے قبل فلم پروڈیوسر سید رفیع نے حیدرآبادی فلمسازی پر تفصیلات بتاتے ہوئے دکن فلم سوسائٹی کے عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کیا جس میں ایکٹر پروڈیوسر محمد توفیق خاں کو صدر ، ڈسٹری بیوٹر و ایکزبیٹر محمد سراج احمد اور پروڈیوسر ودیا ساگر کو نائب صدور ، ڈائرکٹر سید حسین کو جنرل سکریٹری ، علی اصغر مست علی اور عزیز ناصر کو جوائنٹ سکریٹریز ، عمر دراز خاں فیروز کو خازن ارکان عاملہ میں ڈی سی سریواستو ، اکبر بن تبر ، محمد شمیم احمد ، الطاف حیدر ، اقبال خاں ، حکیم عزیز ، عدنان ساجد خاں ( گلو دادا ) ، محمد عظیم ، محمد ذاکر ، اور محمد سلیم شامل ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی نے اس موقع پر سوسائٹی کے ویب سائٹ کو بھی لانچ کیا اور کہا کہ وہ حیدرآبادی فلموں کے لیے ٹیکس ، سبسیڈی کے علاوہ راموجی فلم سٹی میں شوٹنگ کی سہولتوں کے لیے بھی حکومت سے نمائندگی کریں گے ۔ صدر سوسائٹی توفیق خاں نے ڈپٹی چیف منسٹر کو حیدرآبادی فلمسازی میں وسائل کی کمی اور حکومتی سطح پر ضروری سہولتیں فراہم کروانے پر زور دیا اور ان فلموں کی ملٹی پلکس تھیٹر میں ریلیز کی سہولت پر زور دیا تاکہ مستقبل میں ان فلموں کو وسیع مواقع حاصل ہوسکے اور پروڈیوسر کو ان کا لگایا ہوا سرمایہ واپس مل سکے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سرکاری سطح پر ان فلموں کو سہولتیں ملتی ہیں تو یہ فلمیں اوورسیز سے بھی پیسہ کما کر لاسکتی ہیں جس سے کئی فنکاروں اور ٹکنیشن کو روزگار حاصل ہوسکتا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر حیدرآبادی فنکاروں سے ملاقات کے بعد کافی خوشگوار موڈ میں تھے ۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران چند حیدرآبادی تکیہ کلام مکالمے دہرائے ۔ اس کانفرنس کو محمد سراج احمد مست علی اور عزیز ناصر نے بھی مخاطب کیا ۔ تقریب میں شامل فنکاروں میں ڈائرکٹر سنجے پنجابی ، خیر الدین بیگ جانی ، اقبال خاں ، چوک سلیم ، حکیم عزیز ، شہباز ، زرین علی ، ڈولی ، معین شاہ ، شمیم احمد پروڈیوسر عبدالقدیر ، ایم اے رحیم بھی شامل تھے ۔۔