دکنی اردو پر دور درشن سے آج رات پروگرام

حیدرآباد ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد دکن کی اردو پر 24 اگست کو 9-30 بجے شب دور درشن قومی ٹیلی ویژن چینل ڈی ڈی نیشنل سے ایک خصوصی پروگرام پیش کیا جائے گا ۔ جس میں اردو کے مایہ ناز ادیب ، نقاد و شاعر علی سردار جعفری مرحوم اور دیگر شعراء کے ظاہر کردہ احساسات و خیالات بھی شامل ہیں ۔ صدیوں قبل زبان اردو کی تخلیق کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ دور درشن سے 13 سریز پر ایک ہفتہ واری جامع پروگرام پیش کیا جارہا ہے ۔ جس کا مقصد اس میٹھی سریلی عوامی زبان کے طویل سفر سے عوام کو واقف کروانا ہے ۔ اردو کی ممتاز جہدکار اور فلمساز کامنا پرساد نے ڈی ڈی نیشنل سے ہر اتوار پیش کیا جانے والا یہ سیرئیل تیار کیا ہے جس کی ہدایت کار اپرنا سریواستوا ریڈی ہیں ۔ کامنا پرساد نے کہا کہ ان کی اس کاوش کا مقصد نئی نسل کو اس عظیم ہندوستانی زبان سے واقف کروانا ہے جو اس ملک میں پیدا ہوئی اور ہندوستانیوں کے دلوں اور زبان پر چھا گئی ۔ کامنا پرساد نے کہا کہ قبل ازیں اس پروگرام کو ڈی ڈی اردو سے ٹیلی کاسٹ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا ۔لیکن اردو کی اہمیت کو ملحوظ رکھتے ہوئے دور درشن کے ارباب مجاز نے قومی چینل ڈی ڈی نیشنل سے ٹیلی کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا ۔