دکانات کے شٹرس توڑنے والا عادی سارق گرفتار،سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد ملی

حیدرآباد ۔ /29 اگسٹ (سیاست نیوز) سکندرآباد علاقے میں سلسلے وار دوکانات کے شٹرس توڑ کر سرقہ کرنے والے ایک شاطر عادی سارق کو نارتھ زون پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ خود کو گونگا اور بہرہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس کو دھوکہ دینے کی کوشش کی لیکن تفتیش میں حقائق کا پتہ چلا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ سال اگست میں گوپال پورم پولیس اسٹیشن حدود میں شٹر توڑ کر سرقہ کرنے کی تین وارداتیں پیش آئیں تھیں جس کے نتیجہ میں پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ ابتداء میں پولیس کو اس تحقیقات میں دشواریاں پیش آئیں لیکن علاقے کے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ایک مشتبہ شخص کی شناخت کی گئی اور اسے حراست میں لے لیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ 30 سالہ نگیا عرف مارک ساکن کلاک ٹاور سکندرآباد کو گوپالا پورم پولیس کے عملہ نے شبہ کی بنیاد پر حراست میں لے لیا تھا اور اس نے خود کو گونگا اور بہرہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس سے بچنے کی کوشش کی تھی ۔
پولیس نے فوری نگیا کو غیرسرکاری تنظیم سوئیکار اوپکار سے رجوع کراتے ہوئے اس کے گونگے ہونے کی تصدیق کروائی ۔ پولیس نے نگیا کی تفتیش کیلئے دو درمیانی افراد کی مدد حاصل کی جنہوں نے سارق کے اشاروں کے ذریعہ اس کے سرقہ میں ملوث ہونے کا پتہ لگایا اور بعد ازاں اس کے قبضے سے مسروقہ موبائیل فونس ، 11 ہزار نقد رقم برآمد کرلئے۔