دکانات اور اداروں کو اپنی مرضی کے مطابق کاروبار کی سہولت

سال کے 365 دن کھلے رکھنے کی آزادی ،ماڈل لا پر آج کابینہ میں غوروخوض
نئی دہلی۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی کابینہ کل ایک ماڈل قانون پر غور کرے گی جس کے تحت دکانات، مالس اور دیگر اداروں کو سال بھر اپنی سہولت سے کاروبار کرنے کی اجازت رہے گی۔ وہ حسب سہولت تجارتی ادارے کھول سکتے اور بند کرسکتے ہیں۔ اس ماڈل قانون کے تحت خواتین کو بھی خاطر خواہ سکیورٹی کے ساتھ نائٹ شفٹ میں ملازمت فراہم کرنے کی گنجائش رہے گی۔ اس کے علاوہ ورکرس کیلئے تمام تر بنیادی سہولیات جیسے پینے کا پانی، کینٹین، فرسٹ ایڈ، بیت الخلاء اور چھوٹے بچوں کے رہنے کا انتظام کرنا ضروری ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ کل کابینہ کا اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں ماڈل شاپس اینڈ اسٹابلشمنٹس بل 2016ء کو ایجنڈہ میں شامل رکھا گیا ہے۔ اس ماڈل قانون کو پارلیمنٹ کی منظوری درکار نہیں ہوگی۔ وزارت لیبر کی تجویز ہے کہ ریاستیں اپنی سہولت کے اعتبار سے اس میں ضروری تبدیلیاں کرسکتی ہیں۔ اس قانون کا مقصد روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے ، ساتھ ہی ساتھ دکانات اور اداروں کو زیادہ وقت تک کھلے رکھنے کی آزادی فراہم کرنا ہے۔ انہیں سال کے 365 دن اپنی سہولت کے اعتبار سے ادارے کھولنے اور بند رکھنے کی آزادی فراہم کی جائے گی۔