دو ہم جنس پرست مسلم خواتین کی سزاء پر عمل آوری ملتوی

کوالالمپور ۔ 28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ملائشیا کی ایک اسلامی عدالت نے ہم جنس پرستی کرنے والی دو خواتین کو بیدزنی کے ذریعہ سزاء دیئے جانے کے عمل کو ملتوی کردیا جس کے بارے میں سماجی جہدکاروں کا کہنا ہیکہ اس طرح انہیں اسلامی عدالت کو سزاء پر عمل نہ کرنے کیلئے آمادہ کرنے مزید وقت مل جائے گا۔ 22 اور 32 سال کی خواتین کو ماہ اپریل میں اسلامک انفورسمنٹ افسران نے شمالی تیرنیگا نو اسٹیٹ کے ایک عوامی مقام پر پارک کی گئی کار میں جنسی بدفعلی کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا۔ مسلمانوں کی اکثریت والے ملک ملائشیا میں شمالی تیرنیگا نو ایک انتہائی قدامت پسند علاقہ ہے۔ دونوں ملزمین کو اسلامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں انہوں نے اپنے جرم کا اقبال کیا تھا۔ مذہب اسلام ہم جنس پرستی کی مخالفت کرتا ہے۔ سزاء پر عمل آوری 28 اگست کو کی جانے والی تھی تاہم دریں اثناء ترنیگا نو شرعیہ کورٹ کے رجسٹرار عبدالملک وان صدیق نے بتایا کہ سزاء پر عمل آوری اب 3 ستمبر کو ہوگی۔ فی الحال دونوں خواتین ضمانت پر رہا ہیں۔