دو ہزار سال کے ناکام تجربوں سے دنیا مایوس : بھگوت

نئی دہلی۔5اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) یہ ادعا کرتے ہوئے کہ دو ہزار سال کے ’’ناکام تجربوں‘‘ کے بعددنیا مایوس ہوگئی ہے ۔ آر ایس ایس سرسنچالک موہن بھگوت نے آج کہا کہ ہندوستان نے ایک پُرامن معاشرہ قائم کرتے ہوئے پوری دنیا کیلئے ایک مثال قائم کی ہے ۔ یہ معاشرہ ہر ایک کو ساتھ لیکر چلتا ہے ۔ دائیں بازو کی انتہا پسند تنظیم کے سربراہ نے کہا کہ ہندوتوا کا مقصد آر ایس ایس کی توسیع کے ذریعہ سے ہی پورا ہوگا ‘ اس لئے ہمیں زیادہ منظم انداز میں کام کرنا چاہیئے تاکہ ایسا ہندوستان تشکیل پاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں پوری دنیا کو اپنا سمجھنا چاہیئے جو دوہزار سال کے ناکام تجربوں سے مایوس ہوچکی ہے ۔ اسے ایک نئی علامت ‘ نیا پُرامن برادران جذبات کا سماج دینا چاہیئے جو ہر ایک کو ساتھ لیکر چلے ۔ ایسی دنیا کا خالق بھرت ہوگا ۔ ایسا سماج ہمیں تخلیق کرنا ہوگا ۔ اس کیلئے ہمیں اپنے کام کے دائرے کو وسعت دینی ہوگی اور اسے زیادہ منظم بنانا ہوگا ‘ وہ سنگھ پریوار کی ایک تنظیم راشٹریہ سیوا بھارتی کے زیراہتمام منعقدہ ایک کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔