دو کانگریس ایم ایل ایز کو بحال کرنے سنگل بنچ کے فیصلے پر حکم التواء

حیدرآباد 21 اگسٹ (سیاست نیوز) ہائیکورٹ نے کانگریس کے ارکان اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کے معاملے میں حکومت کو راحت فراہم کی ہے۔ ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کی جانب سے کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کی اسمبلی رکنیت بحال کرنے کے فیصلے کو دو ماہ تک معطل کرنے کی ڈیویژن بنچ نے احکامات جاری کئے ہیں۔ حکومت نے سنگل بنچ کے فیصلے کو ڈیویژن بنچ میں چیلنج کیا تھا۔ اپیل کا جائزہ لیتے ہوئے ڈیویژن بنچ نے یہ فیصلہ سنایا ہے۔ حکومت کی طرف سے سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے نمائندگی کی جس پر ڈیویژن بنچ نے سنگل بنچ کے فیصلے پر دو ماہ تک حکم التواء جاری کیا۔ واضح رہے کہ ہائیکورٹ کی سنگل بنچ نے کانگریس کے دو ارکان اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرنے سے متعلق اسمبلی کی قرارداد کو کالعدم قرار دیا تھا اور دونوں ارکان اسمبلی کی رکنیت بحال ہوگئی تھی۔