ٹیکم گڑھ( مدھیہ پردیش) 5 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) ایک ہولناک واقعہ میں پولیس کے ایک ایس ڈی او اور ایک ٹاؤن انسپکٹر نے ایک دوسرے کو گولی مار کر ہلاک کردیا ۔ یہ واقعہ نیوادی روڈ ٹاون میں پیش آیا ۔ قبل ازیں دونوں میں زبانی تکرار ہوئی تھی ۔ مہلوکین کی شناخت بطور ایس ڈی او پی کے سی ملک اور انسپکٹر پرمود چترویدی کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ دونوں پرتھوی پولیس اسٹیشن پر تعینات تھے ۔ پولیس کے بموجب قبل ازیں کسی مسئلہ پر دونوں میں دفتر کے اندر گرما گرم زبانی تکرار ہوئی تھی جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کو سرویس ریوالورس سے گولی مار کر ہلاک کردیا ۔ دونوں کو مقامی پرائمری ہیلت سنٹر منتقل کیا گیا لیکن ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد اطلاع دی کہ دونوں مرچکے ہیں ۔ اس کی وجہ گولی کے زخم بتائی گئی ہے ۔