دو پروفیسرس کی شکایات پر اندرون دو ہفتے فیصلہ کا تیقن

حیدرآباد۔ 30 جون (سیاست نیوز) ریاستی اقلیتی کمیشن کے اجلاس پر رجسٹرار عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر ای سریش کمار حاضر ہوئے اور کمیشن کو یقین دلایا کہ یونیورسٹی کے دو پروفیسرس کے سلسلے میں اندرون دو ہفتہ قطعی فیصلہ کیا جائے گا اور یہ فیصلہ ان کی شکایات کی یکسوئی کے حق میں ہوگا۔ رجسٹرار پروفیسر ای سریش کمار 25 جون کو کمیشن کے روبرو پیش ہوئے اور دونوں پروفیسرس کے معاملے میں دو ہفتوں میں ہمدردانہ فیصلے کا یقین دلایا۔ اسوسی ایٹ پروفیسر لنگوسٹک ڈپارٹمنٹ محمد انصاری نے شکایت کی تھی کہ یونیورسٹی انکے لیکچرر کی حیثیت سے تقرر کے باوجود بقایاجات جاری نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے سرویس ریکارڈ اور پینشن سے متعلق ریکارڈ میں تصحیح کی خواہش کی تھی۔ ایک اور اسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ایس اے ہاشمی (ریٹائرڈ) ڈپارٹمنٹ آف فزیکل ایجوکیشن نے کیریئر اڈوانسمنٹ اسکیم کے تحت ترقی نہ دیئے جانے کی شکایت کی تھی۔ انہوں نے شکایت کی کہ اگرچہ 200 سے زائد افراد کو اس اسکیم کے تحت ترقی دی گئی لیکن اقلیتی طبقہ سے تعلق کے سبب انہیں نظرانداز کردیا گیا۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن عابد رسول خاں نے یونیورسٹی حکام کو ہدایت دی کہ وہ ان شکایات کی عاجلانہ یکسوئی کرے۔