دو مسلم لڑکیاں، امیت شاہ کو یوگا کا درس دیں گی

پٹنہ ۔ 17 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی یوم یوگا کے موقع پر 21 جون کو پٹنہ میں واقع معین الحق اسٹیڈیم میں بی جے پی کے صدر امیت شاہ کو دو مسلم لڑکیاں یوگا درس دیں گے۔ بہار۔جھارکھنڈ پتنجلی یوگ پیتھ کے انچارج اجیت کمار نے کہا کہ ’’رخسانہ خاتون اور بسم اللہ خاتون اس موقع پر امیت شاہ کے علاوہ بشمول مرکزی وزرا دیگر کئی اہم شخصیات کو یوگا کا درس دیں گے جو وہاں کیمپ میں شرکت کیلئے پہنچ رہے ہیں ‘‘۔ اجیت کمار نے کہا کہ بہار کے ضلع مغربی چمپارن میں مجہولیا بلاک کے تحت لال سرائیاں گاؤں سے تعلق رکھنے والی یہ دو نو عمر لڑکیاں اسٹیڈیم میں منعقد شدنی یوگا کیمپ میں ’یوگاسن‘ اور ’پرانائم‘ کے مظاہرہ کیلئے منتخب کیا گیا ہے کیونکہ وہ اس شعبہ میں کافی عبور رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’یوگا، مذہب کی بنیاد پر بنی نوع انسان میں کوئی تفریق پیدا نہیں کرتا۔ یہ دونوں لڑکیاں یوگا میں غیر معمولی مہارت رکھتی ہیں جو آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے بشمول مختلف ممالک میں منعقدہ بین الاقوامی مقابلوں اور کیمپوں میں ہندوستان کی نمائندگی کرچکی ہیں‘‘۔ مجوزہ کیمپ میں امیت شاہ کے علاوہ بہار سے تعلق رکھنے والے مرکزی وزراء روی شنکر پرشاد ، رادھا موہن سنگھ، راجیو پرتاپ روڈی، رام کرپال یادو اور گری راج سنگھ بھی شرکت کریں گے۔ یہ کیمپ یوگا گروپ رام دیو کی طرف سے منعقد کیا جارہا ہے ۔

چیک باؤنس کیسس پر آرڈیننس کو منظوری
نئی دہلی ۔ 17 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے ایک آرڈیننس کو منظوری دی ہے، جس کے ساتھ ہی چیک باؤنس کیسس کی شکایات کو اس مقامات پر درج کرانے کی راہ ہموار ہوگئی ہے جہاں چیک جاری کئے گئے ہوں۔ صدر ہند نے بیع و شریٰ (ترمیمی) آرڈیننس 2015 ء کو دوشنبہ کے روز منظوری دی جس سے لاکھوں افراد کو مدد ملے گی جو اپنے مقامات سے بہت دور کے علاقوں میں چیک باؤنس ہونے کے واقعات سے پریشان حال ہے۔ مودی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد بمشکل ایک سال کے عرصہ میں ایک چوتھا آرڈیننس جاری کیا گیا ہے۔