ممبئی 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے ضلع جلگاؤں کے ایک موضع میں پچھڑی برادری کے دو نابالغ لڑکوں کو مبینہ طور پر مارپیٹ کے بعد برہنہ پریڈ کرایا گیا کیوں کہ اُن کا قصور یہ ہوا کہ اُنھوں نے ایک مختلف ذات والے شخص کے کنویں میں نہایا تھا۔ پولیس نے آج بتایا کہ کم عمر لڑکوں کو دو آدمیوں نے برہنہ گھمایا ۔ ان دو آدمیوں میں سے ایک کنویں کا مالک ہے۔ پولیس نے ایشور جوشی اور پرہلاد لوتھر دونوں کو اِس واقعہ کے سلسلہ میں گرفتار کرلیا ہے۔ یہ معاملہ 10 جون کو سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو سے منظر عام پر آیا۔