دو لاکھ سے زائد رقمی معاملت پر انکم ٹیکس کا انتباہ

نئی دہلی ۔28 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) محکمہ انکم ٹیکس نے عوام کو دو لاکھ روپئے اور اُس سے زائد نقد معاملت کے خلاف خبردار کیا اور کہا کہ قانون کے تحت ایسی معاملتوں پر سخت کارروائی کی جائے گی ۔ محکمہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ایک شخص سے ایک ہی دن میں ایک یا اس سے زائد معاملتوں کے لئے دو لاکھ روپئے یا اُس سے زائد نقد رقم وصول کرنے پر امتناع ہے ۔ اسی طرح غیرمنقولہ جائیداد کی منتقلی کیلئے 20,000 روپئے یا اُس سے زائد نقد رقم کی وصولی یا ادائیگی اور تجارتی یا پیشاورانہ مصارف کے سلسلے میں 10,000 روپئے یا اُس سے زائد نرقم کی وصولی یا ادائیگی پر بھی امتناع ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نقد ادائیگی پر امتناع عائد ہے اور ایسا کرنے کی صورت میں جرمانہ عائد ہوگا، لہذا نقدی سے پاک لین دین کریں ۔ محکمہ ٹیکس نے عوام سے بھی خواہش کی ہے کہ کالا دھن یا پھر اسی طرح کی دیگر رقمی لین دین میں خلاف ورزیوں کے تعلق سے متعلقہ پرنسپل کمشنر کو مطلع کریں ۔ حکومت نے یکم اپریل سے دو لاکھ یا اُس سے زائد نقدی لین دین پر امتناع عائدکیا تھا ۔