دو سے زائد بچے رکھنے و الے مجلسی کارپوریٹرس کے مستقبل کا فیصلہ

نظام آباد میونسپل کارپوریشن  کا آج دلچسپ اجلاس ، سیاسی قائدین اور عوام میں تجسس
نظام آباد:26؍ اگست (سیاست نیوز)میونسپل کارپوریشن نظام آبادکا اجلاس 27؍ اگست کے روز مئیر آکولہ سجاتا کی صدارت میں منعقد ہورہا ہے۔ یہ اجلاس اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس اجلاس میں مجلس اتحاد المسلمین سے تعلق رکھنے والے 3 کارپوریٹرس کے مستقبل کا فیصلہ کئے جانے کے امکانات ہیں۔واضح رہے کہ 2014ء میں منعقدہ میونسپل کارپوریشن نظام آباد کے انتخابات میں مجلس کے منتخب 6 کارپوریٹرس پر 2 سے زائد بچے رہنے کی شکایت کرتے ہوئے حریف امیدوار نے عدالت سے رجوع ہوئے تھے۔ ان میں شامل 6 کارپوریٹرس میں 3 کارپوریٹرس پر نظام آباد کی عدالت میں اور 3 کارپوریٹرس کا کیس ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے۔ ہائی کورٹ نے 19؍مئی کو میونسپل کارپوریشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈیویژن نمبر 25 سے منتخب محترمہ فاطمہ زہرہ، ڈیویژن نمبر 29سے منتخب ایم اے فہیم ڈپٹی مئیر، ڈیویژن نمبر 36 سے منتخب محترمہ نجمہ سلطانہ سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی جس پر کمشنر نے متعلقہ کارپوریٹرس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کی رائیں بھی حاصل کی تھی اور کارپوریٹرس نے قانون 21B کے تحت کوئی غلطی نہ کرنے کا انکشاف بھی کیا تھا لیکن اس کے باوجود بھی جی ایچ ایم ایس ایکٹ 1955 سکشن 23D کے تحت کونسل کے سامنے پیش کرتے ہوئے کونسل کی رائے حاصل کرتے ہوئے کمشنر کو رپورٹ عدالت اور حکومت کو پیش کرنا ہے جس کی وجہ سے اس مسئلہ کو ایجنڈہ میں شامل کیا گیا۔ حریف امیدواروں نے مجلس سے منتخب کارپوریٹرس 2 سے زائد بچے ہونے کے ثبوت پیش کرتے ہوئے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے نا اہل قرار دینے کی خواہش کررہے ہیںاور اس مسئلہ پر کونسل میں کانگریس اور بی جے پی شدت کے ساتھ قواعد کے تحت کام کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں اور حریف امیدواروں کی جانب سے کی گئی شکایت کے بارے میں مکمل تحقیقات کرتے ہوئے واضح رپورٹ پیش کرنے کیلئے مطالبہ کرنے کے امکانات ہیں۔ کانگریس فلور لیڈر ایم اے قدوس نے اس بارے میں بتایا کہ یہ عدالت کا معاملہ ہے اور قواعد کے تحت کونسل کو کام کرنا ہے۔ قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی تو عدالت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ کونسل کو برخواست کرسکتی ہے۔ بی جے پی بھی اس معاملہ میں شدت کے ساتھ الزام عائد کرنے کے امکانات ہیں اور برسراقتدار ٹی آرایس کے بھی چند کارپوریٹرس اس معاملہ میں شدت اختیار کرنے کی اطلاع ہے اور قواعد کی عمل آوری کرتے ہوئے شکایت کی دیانتداری کے ساتھ تحقیقات کرنے کی صورت میں واضح صورتحال منظر عام پر آنے کے امکانات ہیںجس کی وجہ سے کل کا اجلاس اہمیت کا حامل ہے اور عوام میں بھی اس بارے میں چہ میگوئیاں جاری ہے۔