دو سابق ماوسٹ اور ایک صحافی اسمبلی کیلئے منتخب

حیدرآباد ۔ 12۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں دو سابق ماوسٹ اور ایک صحافی بھی منتخب ہوئے ہیں۔ ماوسٹوں کی جانب سے ہر الیکشن کے بائیکاٹ کی اپیل کی جاتی ہے لیکن دو سابق ماوسٹ کانگریس اور ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے۔ ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر ایس رام لنگا ریڈی جو ماوسٹ سے جرنلسٹ بن گئے تھے، دوباک اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے شکست دی۔ رام لنگا ریڈی کو 89299 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ کانگریس کے ایم ناگیشور ریڈی کو 26799 ووٹ ملے۔ ایک اور سابق ماوسٹ خاتون اناسویا دنسری عرف سیتکا نے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا اور سابق ریاستی وزیر اور ٹی آر ایس کے امیدوار اجمیرا چندو لال کو بھاری اکثریت سے شکست دی۔ انو سویا کو 88971 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ اجمیرا چندولال 66300 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ سیتکا کا تعلق جن شکتی گروپ سے تھا اور وہ کانگریس میں شمولیت سے قبل تلگو دیشم میں تھیں، انہیں گزشتہ انتخابات میں نکریکل اسمبلی حلقہ سے شکست ہوئی تھی۔ الیکٹرانک میڈیا کے ایک سینئر صحافی کرانتی کرن جنہوں نے پہلی مرتبہ ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا ، انہیں میدک کے اندول اسمبلی حلقہ سے شاندار کامیابی ملی۔ کرانتی کرن نے کانگریس کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا کو شکست دی ہے جو کانگریس کی انتخابی منشور کمیٹی کے صدرنشین تھے۔