دو ریاستوں میں پانی کی تقسیم پر دریائے کرشنا بورڈ کا آج فیصلہ

حیدرآباد /26 اگست ( این ایس ایس ) دریائے کرشنا آبی انتظامی بورڈ دو تلگو ریاستوں آندھراپردیش اور تلنگانہ کو پانی مختص کرنے کے بارے میں فیصلہ کرے گا ۔ بورڈ کا ایک اجلاس آج منعقد ہوا ۔ جس میں دونوں ریاستوں کی اپیلوں کی سماعت کی گئی اور توقع ہے کہ پانی کی تقسیم کے مسئلہ پر ہفتہ کو اپنے فیصلہ کا اعلان کرے گا ۔ واضح رہے کہ آبپاشی کے چھوٹے پراجکٹوں میں پانی کے بہاؤ کا تخمینہ کرنے کے بعد بورڈ کی جانب سے ریاستوں کو مطلوبہ پانی مختص کیا جاتا ہے ۔ تلنگانہ نے 93 ٹی ایم سی اور آندھراپردیش نے 47 ٹی ایم سی پانی دینے کی درخواست کی ہے ۔ جس پر دریائے کرشنا آبی انتظامی بورڈ 27 اگست کو اپنے فیصلہ کا اعلان کرے گا ۔ بعد ازاں تین رکنی کمیٹی ایک سروے کرے گی اور 15 ستمبر تک حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔