بلدی عہدیداروںکو کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کا انتباہ، شہر میں جگہ جگہ کچرے کے انبار
حیدرآباد 6 مئی (آئی این این) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے کمشنر سومیش کمار نے متعلقہ عہدیداروں کو دو دن کی مہلت دیتے ہوئے کہاکہ شہر میں جگہ جگہ کچرے کے انبار کی فوری نکاسی کی جائے ورنہ برسر موقع انھیں معطل کیا جائے گا۔ کمشنر نے شہر میں عدم صفائی اور کچرے کے انبار کو دیکھتے ہوئے کہاکہ اہم شاہراہوں پر کچرے کے ڈھیر پڑے ہوئے ہیں۔ اگرچیکہ بلدی عملہ الیکشن ڈیوٹی پر ہے، جی ایچ ایم سی سنیٹری عہدیداروں کی اوّلین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے فرائض انجام دیں۔ اُنھوں نے تمام اسپیشل آفیسرس، ڈپٹی کمشنران، زونل کمشنران کو ہدایت دی کہ آج صبح سے ہی وہ ذاتی طور پر نگرانی کرتے ہوئے کچرے کی نکاسی کو ترجیح دیں۔ شہر میں جاروب کشی کے کام کو بھی بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ کمشنر نے سرکل 8 اور 18 کے اے ایم او ایچ ایس کی مخلوعہ جائیدادوں کو بھی ترجیحی بنیادوں پر پُر کرنے کا تیقن دیا۔ اِسی دوران جی ایچ ایم سی کمشنر نے بلدیہ کے مالیاتی شعبہ کو مبارکباد دی کہ اِس نے سال 2013-14 ء کے لئے ایک ہزار کروڑ ٹیکس کی وصولی کو یقینی بنایا ہے۔ قبل ازیں ٹیکس وصولی اسکیم کے تحت 111 کروڑ ٹیکس وصول کیا گیا تھا۔ 2013-14 ء کے تمام ٹیکس دہندگان کے منجملہ 25 فیصد نے پیشگی اسکیم ٹیکس ادائیگی سے استفادہ کیا تھا۔ کمشنر نے جائیداد ٹیکس ادا کرنے والوں سے خاص کر اظہار تشکر کیا۔ کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنران کو ہدایت دی کہ بل کلکٹر اور ٹیکس انسپکٹر کے علاوہ والیوشن آفیسرس کے قابل ملازمین کی فہرست تیار کریں تاکہ آنے والے دنوں میں جائیداد ٹیکس بہترین وصولی کا نشانہ پورا کیا جاسکے۔ سومیش کمار نے 2014-15 ء کے لئے بلدیہ کی حکمت عملی سے متعلق بتایا کہ مالیاتی ونگ کی جانب سے نئی جائیدادوں کا اندازہ کرنے کا کام شروع کیا جائے گا۔ محکمہ آبرسانی اور محکمہ برقی کی مدد سے تمام علاقوں میں سربراہی آب اور برقی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔