دو دن میں اے آئی سی سی اسکریننگ کمیٹی کا اجلاس

تلنگانہ کانگریس امیدواروں کی فہرست 28 تا 30 مارچ جاری: ڈگ وجے سنگھ

حیدرآباد /21 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ نے دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ اور سیما۔ آندھرا میں کانگریس پارٹی مستحکم ہے، آئندہ دو دن میں دہلی میں اے آئی سی سی اسکریننگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا، جس میں مرکزی وزیر ویلار روی، صدر تلنگانہ کانگریس کمیٹی پی لکشمیا، ورکنگ پریسیڈنٹ اتم کمار ریڈی اور دیگر قائدین شرکت کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ اجلاس میں تلنگانہ کے 19 اسمبلی اور 17 لوک سبھا حلقہ جات پر مقابلہ کرنے امیدواروں کے انتخاب کا جائزہ لیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ دونوں علاقوں میں کانگریس تنہا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے، تاہم اگر کوئی جماعت کانگریس سے اتحاد کے لئے تیار ہے تو ہم اس پر غور کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ 28 تا 30 مارچ تلنگانہ میں مقابلہ کرنے والے کانگریس امیدواروں کی فہرست جاری کردی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ آندھرا پردیش (سیما۔ آندھرا) میں بھی کانگریس مستحکم ہے، بہت جلد وہاں کے کانگریس قائدین کا اجلاس منعقد ہوگا، جس میں امیدواروں کے انتخاب اور انتخابی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔