جموں ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایک حیرت انگیز واقعہ جو جموں و کشمیر کے راجوری ڈسٹرکٹ میں پیش آیا جہاں ایک کانسٹیبل ایک اسپیشل پولیس آفیسر (SPO) کے مکان میں داخل ہوا اور وہاں موجود دو وخواتین کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔ دریں اثناء راجوری کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ مبشر لطیفی نے کہا کہ کانسٹیبل سنجے کمار ایس پی او چمن لال کے مکان موقوعہ تھرمل پاور کالونی میں رات 12 بجے داخل ہوا۔ اس نے پہلے ایس پی او کی اہلیہ ارمیلا کماری کو گولی ماری اور بعدازاں ارمیلا کی بہن نشا کماری کو بھی گولی مار دی۔ سنجے کمار نے اس کے بعد اپنی اے کے 47 رائفل سے خودکشی کرلی۔ فائرنگ کی آواز سنتے ہی پولیس اہلکار وہاں پہنچ گئے اور تینوں کی نعشوں کو خون میں لت پت پڑا ہوا دیکھا۔ پولیس نے معاملہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور ابتدائی تحقیقات اس بات کی جانب اشارہ کررہی ہیکہ متوفی نشا سے شادی کرنا چاہتا تھا لیکن سنجے کے بگڑے ہوئے رنگ ڈھنگ دیکھتے ہوئے نشا شادی کے لئے راضی نہیں تھی۔ مزید تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔