نئی دہلی ۔7 ستمبر ( پی ٹی آئی) تلنگانہ میں دو تلگود ٹیلی ویژن چینلوں کے ٹیلی کاسٹ کی مسدودی کے خلاف دہلی میں تلگو صحیفہ نگاروں کے احتجاج کے ایک دن بعد اس ریاست کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاؤڈیکر کے درمیان بات چیت کے موقع پر بھی اس مسئلہ پر غوروخوض کیا گیا ۔ چندر شیکھر راؤ نے نوتشکیل شدہ ریاست میں بڑے پیمانے پر شجرکاری اور جنگلات کے رقبہ کو وسعت دینے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ تین صحافیوں نے آج صبح اُس مکان کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا جہاںکے سی آر قیام پذیر تھے لیکن پولیس نے ان صحافیوں کو پکڑ کر تغلق روڈ پولیس اسٹیشن کو منتقل کردیا اور کچھ دیر بعد چھوڑ دیا گیا ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ تلگو میڈیا اداروں سے وابستہ صحافیوں نے تلنگانہ میں دو خانگی ٹیلی ویژن چینلوں کے ٹیلی کاسٹ کی مسدودی کے خلاف دہلی میں اس مکان کے باہر احتجاجی دھرنا منظم کیا تھا جہاں کے سی آر قیام پذیر تھے ۔ ان صحافیوں نے نعرہ بازی کرتے ہوئے تلنگانہ میں ان دونوں ٹیلی ویژن چینلوں کے خلاف عائد امتناع کی برخاستگی کا مطالبہ کیا ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ ملٹیپل سسٹم آپریٹرس اسوسی ایشن نے ساری ریاست تلنگانہ میں اے بی این آندھراجیوتی اور ٹی وی 9 کے نشریات کو روک دیا تھا ۔ 16جون سے اس ریاست میں ان دونوں چینلس کی نشریات بند ہیں ۔