گراہم (یوایس)۔ 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) واشنگٹن کے حکام نے آج ایک اہم اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ گراہم نامی چھوٹے شہر میں واقع ایک ہائی اسکول کے قریب دو طلباء پر گولی چلائی گئی۔ دی پیٹرس کائونٹی شیریف کے دفتر نے کل بتایا کہ دونوں طلباء کو فوری ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا تاہم ان کی تازہ ترین حالت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ ایک طالب علم گراہم، کاپوسین ہائی اسکول کے فٹ بال گرائونڈ کے پارکنگ علاقہ میں زخمی حالت میں پایا گیا جبکہ دوسرا ایک لاکر روم کے اندر پایا گیا۔ ڈیٹکٹیو ایڈٹرائر نے بتایا کہ دونوں طلباء پر اسکول کے کیمپس سے تھوڑے فاصلہ پر فائرنگ کی گئی جبکہ مشتبہ حملہ آور گولی چلانے کے فوری بعد فرار ہوگیا۔ اب تک فائرنگ کی وجوہات کا پتہ نہیں چلا ہے جبکہ حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔