دوہرے قتل کیس کے گواہ ہلاک

میرٹھ ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : دوہرے قتل کیس کے اہم گواہ 30 سالہ نوجوان کو آج موضع گھاٹ میں 3 افراد نے گولی مار کر ہلاک کردیا ۔ پولیس نے بتایا کہ مہلوک سچن کو 3 افراد نے گاؤں کے باہر لیجا کر فائرنگ کردی جس کے باعث وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ گذشتہ سال 9 اکٹوبر کو سچن کے بھائی نیتن نے ایک فاسٹ فوڈ سنٹر پر 40 روپئے کے بل پر جھگڑا کرلیا تھا ۔ جس پر سچن اپنے دوستوں کے ساتھ وہاں پہنچا تھا ۔ فاسٹ فوڈ سنٹر کے ملازمین کے حملہ میں سچن کے ساتھیوں منو ( 25 سال ) اور راہول ( 22 سال ) ہلاک ہوگئے جب کہ سچن اور اس کا بھائی نتین زخمی ہوگئے ۔ ارکان خاندان نے پولیس کو بتایا کہ دونوں بھائیوں کے ساتھ دیگر 9 افراد نے بطور چشم دید گواہ عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ بیان تبدیل کرنے کیلئے سچن پر دباؤ ڈالا جارہا تھا ۔ پولیس نے 5 افراد کیخلاف کیس درج کر کے مفرور ملزمین کی تلاش شروع کردی ہے ۔۔