دوہرے قتل کیس کی ازسرنو سماعت پولیس تحقیقات میں کوتاہیوں پر ہائیکورٹ کا حکم

مدورائی 29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) مدراس ہائی کورٹ نے آج ایک دوہرے قتل کیس کی دوبارہ سماعت کا حکم جاری کیا ہے جس میں ٹرائیل کورٹ نے ایک ملزم کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ جسٹس ایس ناگومتھو اور جسٹس وی ایس روی نے کہا ہے کہ معقول شبہ کے قطع نظر پولیس الزامات ثابت کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور کیس کی ازسرنو سماعت کا حکم جاری کرتے ہوئے کہاکہ استغاثہ کی جانب سے کوئی غلطی نہیں ہونی چاہئے جس کے نتیجہ میں کوئی شخص حصول انصاف سے قاصر ہوجائے۔ ہائیکورٹ نے ایک میستری کی عرضی پر یہ حکم جاری کیا ہے جس پر سال 2006 ء میں تروچی کے تھووا کوڈی میں 2 خاتون ورکرس کے قتل کا الزام ہے۔ تاہم درخواست گذار کا یہ استدلال تھا کہ کیس کی دوبارہ سماعت سے صرف استغاثہ کو اپنی کوتاہیوں اور خامیوں کی بھرپائی کا موقع ملے گا۔ لیکن ججس کا کہنا ہے کہ ازسرنو سماعت کا حکم حصول انصاف کے حق میں جاری کیا جارہا ہے۔ انھوں نے ٹرائیل کورٹ کی جانب سے کیس کی سماعت کے طریقہ کار پر بھی ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور بتایا کہ مستقبل میں خامیوں اور کوتاہیوں کی تحقیقات اور ٹرائیل میں نہیں ہونا چاہئے بصورت دیگر انصاف کا نظام مفلوج ہوجائے گا۔ ججس نے کہاکہ پولیس نے ایک خاتون کے قتل واقعہ میں میستری سے پوچھ تاچھ کی ہے اور دوہرا قتل کیس بغیر تحقیقات کے بند کردیا گیا۔