دونوں شہر وں میں سڑکوں کی خستہ حالت پر یوتھ کانگریس کا احتجاج

جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس پر احتجاجی دھرنا ۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر سے استعفیٰ کا مطالبہ

حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ یوتھ کانگریس کی جانب سے سڑکوں کی خستہ حالت کے خلاف جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس پر احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا ۔ انیل کمار یادو کے علاوہ دوسرے کانگریس قائدین کو گرفتار کرتے ہوئے گاندھی نگر اور رام گوپال پیٹ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ دونوں شہروں حیدرآباد سکندرآباد کے علاوہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں سڑکوں کی خستہ حالت تھوڑی سی بارش سے سڑکوں پر کھڈے پڑ جانے کے خلاف صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو کی قیادت میں یوتھ کانگریس قائدین نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ہیڈ آفس پر احتجاجی دھرنا منظم کیا ۔ اس دھرنے میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین ترجمان سید فاروق پاشاہ قادری ، نائب صدور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر ملو روی ، بلرام نائیک ، سابق رکن اسمبلی وشنووردھن ریڈی ، جنرل سکریٹریز ، عظمیٰ شاکر ، ونود ریڈی سابق ڈپٹی مئیر راجکمار سابق قائد اپوزیشن جی ایچ ایم سی
ایس محمد واجد حسین سابق کارپوریٹر محمد شریف صدر یوتھ کانگریس اسمبلی حلقہ عنبر پیٹ پیر منیر احمد جابر کانگریس قائدین میں محسن قریشی ، وحید کے علاوہ دوسرے شامل تھے ۔ یوتھ کانگریس قائدین چیف منسٹر ڈاؤن ۔ ڈاون کے نعرے لگا رہے تھے اور ساتھ میں وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو استعفیٰ دینے کا مطالبہ کررہے تھے ۔ صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو نے احتجاج ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر شہر حیدرآباد کو ڈالاس کے طرز پر ترقی دینے کا اعلان کررہے ہیں جب کہ 10 تا 12 سنٹی میٹر بارش سے سڑکیں جھیل میں تبدیل ہورہی ہیں اور کئی بستیوں میں پانی ٹھہرا ہوا ہے ۔سڑکوں کی ابتر صورتحال ہے ۔ سڑکوں پر کھڈپڑ گئے ہیں جس سے ٹرانسپورٹ سسٹم مفلوج ہوگیا ہے اور عوام کو ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہونچنے گھنٹوں ٹریفک مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ خستہ حالت سڑکوں کو درست کرنے اور عوام کو راحت فراہم کرنے میں حکومت تلنگانہ اور بلدیہ حیدرآباد پوری طرح ناکام ہوگئی ۔ یوتھ کانگریس کے احتجاجی دھرنا سے ٹریفک جام ہوگئی ۔ پولیس نے احتجاجی کارکنوں کو گرفتار کرتے ہوئے شہر کے دو پولیس اسٹیشن کو منتقل کردیا ۔