دونوں شہروں کے سڑکوں کی ابتر صورتحال

جی ایچ ایم سی سے سڑکوں کی تعمیر اور کھڈوں کو بند کرنے کی تجویز
حیدرآباد۔21جون(سیاست نیوز) شہر کی سڑکوں کی ابتر حالت کو دور کرنے کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کئی دعوے کئے جا رہے ہیں لیکن ان دعوؤں میں کس حد تک صداقت ہے اس کا اندازہ شہر کی سڑکوں کو دیکھ کر ہونے لگتا ہے ۔ حکومت اور وزارت بلدی نظم و نسق نے چند ماہ قبل ہوئی غیر موسمی بارش کے بعد شہر کی سڑکوں کی ابتر صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اسے بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا تھا لیکن اس کے باوجود بھی شہر کی سڑکوں کی حالت انتہائی ابتر ہے اور اس بات کا اعتراف خود جی ایچ ایم سی کے عہدیدار کر رہے ہیں لیکن ساتھ ہی یہ دعوے بھی کئے جا رہے ہیں کہ اپریل تا جون کے درمیان جی ایچ ایم سی کی جانب سے دنوں شہروں اور جی ایچ ایم سی حدود میں جملہ 8ہزار 496کھڈ کی نشاندہی کی گئی تھی اور سڑکوں کے ان گڑھوں کی نشاندہی کے بعد ان میں 8ہزار 256گڑھوں کی مرمت بھی کر دی گئی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے کی گئی مرمت گذشتہ دنوں ہوئی ایک بارش میں بہہ چکی ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں سب سے زیادہ ابتر حالت ساؤتھ زون کے علاقوں یعنی پرانے شہر کے علاقوں کی ہے جہاں 2ہزار 400گڑھوں کی نشاندہی کی گئی ہے لیکن جبکہ ویسٹ زون کی حالت سب سے بہتر قرار دی جا رہی ہے کیونکہ مکمل زون میں صرف 840کھڈ کی نشاندہی کی گئی ہے ۔موسم باراں کے آغاز کے ساتھ ہی ہونے والی بارش کے فوری بعد جو سڑکوں کی حالت ہوئی ہے اس حالت پر مختلف گوشوں سے تنقیدوں کا سلسلہ شروع کئے جانے کے بعد شہر میں جی ایچ ایم سی عملہ متحرک ہوتے ہوئے سڑک پر موجود گڑھوں کو بند کرنے کی کوششیں شروع کرچکا ہے لیکن ان کی اس کوششوں کے متعلق کہا جا رہا ے کہ دوبارہ غیر معیاری مرمتی کاموں کے سبب صورتحال میں کوئی تبدیلی آجانے کا امکان نہیں ہے۔ جی ایچ ایم سی عہدیدار سڑکوں کی خرابی اور ان پر گڑھوں کے لئے حیدرآباد میٹرو ریل کے تعمیری و ترقیاتی کاموں کو وجہ قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن عہدیدار اس بات کا جواب دینے سے قاصر ہیں کہ جب ساؤتھ زون میں کوئی میٹرو ریل کی سرگرمیاں ہی نہیں ہیں تو کس طرح ان علاقو ںکی سڑکیں اس حد تک نا گفتہ بہ ہو چکی ہیں کہ یہاں سب سے زیادہ گڑھے ہونے کا ریکارڈ پیش کیا جا نے لگا ہے۔ محکمہ پولیس اور ٹریفک پولیس کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اکثر حادثات کے علاوہ ٹریفک جام کے مسائل کی بنیادی وجہ بھی سڑکوں کی نا ہمواری اور سڑکو ں پر موجود گڑھے ہوتی ہیں۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران جی ایچ ایم سی کی جانب سے سڑکوں کی تعمیر اورگڑھوں کو بند کرنے کی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے سڑکوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جانے کا امکان ہے کیونکہ اس سلسلہ میں کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے ہدایات جاری کردی ہیں۔