دونوں شہروں کی ترقی کیلئے ٹی سائی کرن کا وعدہ

سکندرآباد کے ٹی آر ایس امیدوار کا صحافت سے ملاقات پروگرام سے خطاب
حیدرآباد۔ 7 اپریل (این ایس ایس) پارلیمانی حلقہ سکندرآباد کے ٹی آر ایس امیدوار تلاسانی سائی کرن نے آج اس یقین کا اظہار کیا کہ 11 اپریل کو ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں ریاست میں حکمراں ٹی آر ایس 16 حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ وزیر افزائش حیوانات و مویشیان تلاسانی سرینواس یادو کے فرزند تلاسانی سائی کرن نے یہاں پریس کلب میں ’صحافت سے ملاقات‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کی صورت میں وہ دونوں شہروں کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔ حیدرآباد کو رہائش کیلئے پسندیدہ شہر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ اپنی پارٹی کے سربراہ کے سی آر کی رہنمائی میں شہر کو تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کام کررہے ہیں۔ عوامی فلاح و بہبود اور زرعی شعبہ میں ترقی کے اعتبار سے تلنگانہ کو ملک کی دیگر تمام ریاستوں میں منفرد مقام حاصل ہے۔