زیر زمین پانی کی سطح میں کمی کے باوجود واٹر بورڈ پر اعتماد
حیدرآباد 3 اپریل ( سیاست نیوز ) حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جاریہ سال موسم گرما میں بڑھتی ہوئی پانی کی طلب کو پورا کیا جاسکے گا حالانکہ شہر میں زیر زمین پانی کی سطح میں خطرناک حد تک کمی واقع ہوئی ہے واضح رہے کہ یکم جنوری سے زیر زمین پانی کی سطح میں 1.8 میٹر تک کمی واقع ہوئی ہے ۔ اسی دن سے ریاستی حکومت نے کسانوں کیلئے مفت برقی اسکیم کا اعلان کیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ زیر زمین پانی کی صورتحال کا جائزہ لینے سے پتہ چلا ہے کہ ریاست کے 31 اضلاع کے منجملہ 21 اضلاع میں زیر زمین پانی کی سطح میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے 27 منڈلوں کے 225 گاووں میں مقامی ذمہ داران نے گرام سبھا اجلاس منعقد کرتے ہوئے قرار داد منظور کی ہے اور ریاستی حکومت سے درخواست کی ہے کہ چوبیس گھنٹے بلا رکاوٹ برقی سربراہی کا سلسلہ بند کردیا جائے کیونکہ اس کے نتیجہ میں پینے کے پانی کا بحران پیدا ہو رہا ہے ۔ ان گرام سبھاوں سے متعلقہ ٹرانسکو اور ڈسکامس دفاتر کو قرار دادوں کی نقول روانہ کی گئی ہیں۔ تاہم حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے کہا کہ جاریہ سال گرما کے اختتام تک دونوں شہروں کو سربراہی آب میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ۔