بخار اور وبائی امراض کی لہر ، جی ایچ ایم سی کی لاپرواہی آشکار
حیدرآباد۔2اکٹوبر ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں کچرے کے انبار کے باعث مچھروں کی افزائش میں زبردست اضافہ ہوچکا ہے اور مچھروں کی افزائش وبائی امراض کا باعث بنتی جارہی ہے ۔ شہر کے مختلف محلہ جات میں کچرے کی عدم نکاسی سے پیدا شدہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں اور نہ ہی عوام کے منتخبہ نمائندے رابطہ میں ہیں جس کی وجہ سے عوام کسی کو شکایت کرنے کے موقف میں نہیں ہیں ۔ شہر میں بچوں اور نوجوانوں میں تیزی کے ساتھ بخار بالخصوص ڈینگو ‘ملیریا ‘ ٹائیفڈ کے علاوہ دیگر امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی بے اعتنائی ناقابل فہم ہے ۔ دونوں شہروں بالخصوص پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں وبائی امراض کے پھیلنے کے باعث خانگی دواخانوں میں مریضوں کی تعداد میں روزافزوں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور بیشتر مریض ڈینگو ‘ ٹائیفڈ اور ملیریا جیسی بیماریوں کے سبب ڈاکٹرس سے رجوع ہونے پر مجبور ہیں ۔ پرانے شہر کے علاقوں میں مچھروں کی افزائش کو روکنے کیلئے مچھرکش ادویات کا چھڑکاؤ انتہائی ضروری ہوچکا ہے چونکہ شہر کے بیشتر محلہ جات میں مچھروں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے اور عوام کو اس پریشانی سے نجات دلایا جانا بیحد ضروری ہے ۔ گذشتہ چند یوم سے شہر میں جاری تعطیلات کے باعث کئی سڑکوں پر کچرے کی عدم نکاسی سے شہری انتہائی تکلیف دہ حالات کا سامنا کررہے ہیں ۔ پرانے شہر میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے یہ ضروری ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے فوری طور پر شہر بھر میں مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ کے علاوہ صاف صفائی کو یقینی بنانے کے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں تاکہ حفظان صحت کا مسئلہ بالکلیہ طور پر حل کیا جاسکے ۔ جی ایچ ایم سی اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے اس سنگین مسئلہ پر خاموشی اختیار کئے جانے کی صورت میں آئندہ چند یوم میں شدید بخار اور مچھروں کے کاٹنے سے ہونے والے بخار کے متعلق امراض سنگین وبائی صورتحال اختیار کرسکتے ہیں کیونکہ ڈینگو بخار مخصوص مچھر کے کاٹنے سے ہوتا ہے جب کہ زیادہ مچھروں کے باعث ملیریا جیسے بخار نوجوانوں اور بچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں ۔ ڈاکٹرس کے بموجب مچھروں کی کثرت کے سبب شہریوں میں مختلف اقسام کے بخار پائے جارہے ہیں جو کہ مسلسل رہنے کی وجہ سے کافی نقصاندہ بھی ثابت ہوسکتے ہیں ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ سرکاری طور پر دی گئی تعطیل کے باعث شہر میں کئی ملازمین بالخصوص جاروب کش اور کچرے کی نکاسی کا عملہ بھی چھٹیوں میں ہیں جس کی وجہ سے شہر کی سڑکوں پر گذشتہ دو یوم سے کچرا پڑا ہوا ہے جو کہ ہٹایا نہیں گیا ‘ اس طرح کی صورتحال پرانے شہر میں عموماً پائی جاتی ہے اور محلہ جات سے کچرے کی روزآنہ نکاسی یقینی نہ بنائے جانے کے سبب پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔