دونوں شہروں میں پانی کی سربراہی مسدود

یکم تا 2 مارچ 30 گھنٹے کرشنا واٹر پروجیکٹ کا مرمتی کام
حیدرآباد۔ 25 فروری (آئی این این) کرشنا پینے کے پانی سربراہی پروجیکٹ ۔I کے احتیاطی اقدامات کے طور پر مرمت و دیکھ بھال کے کام کی بناء شہر کے بیشتر علاقوں میں یکم مارچ بروز منگل صبح 6 بجے تا 2 مارچ بروز چہارشنبہ 12 بجے دن یعنی تقریباً 30 گھنٹے پانی کی سربراہی بند رہے گی۔ حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے مطابق جن علاقوں میں پانی کی سربراہی مسدود رہے گی ، ان میں اعظم پورہ، سلطان شاہی، مغل پورہ، دارالشفاء، فلک نما، بہادر پورہ، جہاں نما، چارمینار، پتھر گٹی، مصری گنج، انصاری روڈ ، وٹے پلی، انجن باؤلی، عرش محل، محبوب مینشن ، سنتوش نگر ،ونئے نگر ، سعید آباد ، چنچل گوڑہ ، آسمان گڑھ ، موسیٰ رام باغ ، ملک پیٹ ، علی آباد ، میسرم ، گولی پورہ ، تالاب کٹہ ، مادناپیٹ ، یاقوت پورہ ، بگل کنٹہ اور افضل گنج شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ضیاء گوڑہ، اڈکمیٹ ، رامنتاپور ، گول ناکہ ، ڈی ڈی کالونی ، نلہ کنٹہ ، ودیا نگر ، مشیرآباد ، اعظم آباد ، نارائن گوڑہ ، بھولک پور ، باغ لنگم پلی ، ویشالی نگر اور دلسکھ نگر کے بعض علاقوں میں بھی پانی کی سربراہی مسدود رہے گی۔ دیگر علاقہ جو متاثر رہیں گے ، ان میں آر ڈبلیو ایس اسکیمات نلگنڈہ ، نصراللہ پلی ، گوڈا کونڈلا ، ابراہیم پٹنم اور گنجال شامل ہیں۔ آب رسانی بورڈ نے عوام سے خواہش کی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور خاطر خواہ ذخیرہ کرلیں ۔