محکمہ برقی کے عہدیدار جو اب دینے سے بے بس، شہریوں میں گہری تشویش
حیدرآباد 21 اگست ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں برقی سربراہی میں ہورہی کٹوتی کے اوقات میں غیر معلنہ اضافہ ہوچکا ہے ۔ پرانے شہر کے علاقوں میں آج دن کے اوقات میں تقریباً چار گھنٹے برقی سربراہی منقطع رہی جبکہ شام کے اوقات میںمعمول کے مطابق دو گھنٹے برقی سربراہی منقطع ہوئی ۔ برقی عہدیدار اس غیر معلنہ برقی کٹوتی کے متعلق کوئی اطمینان بخش جواب دینے کے موقف میں نہیں ہیں چونکہ ان عہدیداروں کو بھی اس بات کا علم نہیں ہے کہ مذکورہ عمل کن بنیادوں پر چل رہا ہے ۔ یہ بات درست ہے کہ برقی کی ضرورت اور پیداوار میں پیدا ہوئے تفاوت کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے لیکن ریاست تلنگانہ میں اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر کوئی میکانزم نظر نہیں آرہا ہے ۔ شہر کے بعض پاش علاقوں میں برقی سربراہی میں کٹوتی کے اوقات کار میں تخفیف اور پرانے شہر میں کی جارہی اضافہ برقی کٹوتی سے عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے چونکہ پرانے کے بیشتر علاقوں میں معلنہ برقی کٹوتی سے زائد برقی کٹوتی روز کا معمول بن چکی ہے اور اس سلسلہ میں کوئی آواز نہیں اٹھائی جارہی ہے ۔ برقی صارفین کی جانب سے عہدیداروں سے متعدد شکایات کے بعد یہ کہہ دیا جارہا ہے کہ برقی سربراہی میں تکنیکی خرابی کے باعث برقی سربراہی متاثر ہورہی ہے لیکن عوام کا استفسار ہے کہ روزانہ اس طرح کی تکنیکی خرابیاں پیدا ہوتی رہیں گی اور عہدیدار اسی طرح اپنا دامن بچانے کی کوشش کرتے رہیں گے تو ایسی صورت میںشہر کی حالت اضلاع سے بھی ابتر ہوجائے گی۔ پرانے شہر کے بیشتر علاقوں میں آج دن کے اوقات میں معمول سے دو گھنٹے زائد برقی کٹوتی نے عوام کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے چونکہ گذشتہ چند یوم سے محکمہ برقی کی جانب سے بالواسطہ طور پر یہ اشارے دیئے جارہے تھے کہ برقی کٹوتی کے اوقات کار میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے برقی کی پیداوار اور ضرورت کے لحاظ سے دوسری ریاستوں سے برقی خریدی کے منصوبہ کو فوری طور پر عملی شکل دینا مشکل ہے لیکن شہریوں کو درپیش اس مسئلہ کو حل کیا جانا ناگزیر ہے ۔ آئندہ دنوں میں شہر میں گنیش تہوار کا آغاز ہونے والا ہے اور گنیش تہوار کے 10 دن برقی کی کھپت میں اضافہ ریکارڈ کیا جاتا ہے ۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی برقی کھپت میں ہونے والے اضافہ کے پیش نظر محکمہ برقی کو ان دس ایام کے دوران معیاری اور بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے کیونکہ یہ مسئلہ صرف کسی تہوار سے جڑا ہوا نہیں ہے بلکہ ان دس ایام کے دوران بلا وقفہ برقی سربراہی صیانتی امور کا بھی حصہ ہے ۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف علاقوں میں برقی کٹوتی کے اوقات کار کا باضابطہ اعلان کردے تا کہ برقی صارفین کٹوتی کے اوقات کار سے متعلق ذہنی طور پر تیار رہیں۔