دونوں شہروں میں عیدالاضحی سادگی سے منائی گئی، جاں بحق حجاج کیلئے رقت انگیز دعائیں

عید گاہ میر عالم، گنبدان قطب شاہی،مادنا پیٹ میں کثیر اجتماع، علماء کرام کے خطابات،جناب زاہد علی خاں کی اپیل کا مثبت اثر
حیدرآباد۔/26ستمبر، ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کی عیدگاہوں اور مساجد میں 25ستمبر بروز جمعہ عامتہ المسلمین نے عیدالاضحی سادگی کے ساتھ منائی۔ علمائے کرام نے عید کی نماز سے قبل فضائل بیان کئے اور دوران حج جاں بحق ہونے والے حجاج کیلئے رقت انگیز دعائیں کیں۔ عیدگاہوں اور مساجد میں کثیر اجتماعات دیکھے گئے۔ یہاں اس بات کا ذکر بیجا نہ ہوگا کہ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روز نامہ ’سیاست‘ نے منٰی میں بھگدڑ کے باعث پیش آئے سانحہ میں سینکڑوں حجاج کے جاں بحق ہوجانے پر عیدالاضحی سادگی کے ساتھ منانے کی تلقین کی تھی جس کا مثبت اثر کئی مقامات پر دیکھا گیا۔ عیدالاضحی کی نماز کے بعد علمائے کرام نے جاں بحق حجاج کیلئے اثر انگیز دعائیں کیں۔ عید گاہ میر عالم، عید گاہ مادنا پیٹ، عیدگاہ گنبدان قطب شاہی، ہاکی گراؤنڈ مانصاحب ٹینک، عیدگاہ سکندرآباد کے علاوہ مختلف مساجد میں مسلمانوں کی تعداد نے نماز عید ادا کی۔  ٭٭ قربانی درحقیقت اس عہد کی تجدید ہے کہ ہمارا جینا اورمرنا اللہ تعالیٰ کے لئے ہے۔ ہماری زندگی کا مقصد اللہ تعالیٰ کی بندگی ہے اور اس کی بندگی کے اظہار میں کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کرنا ہی ہماری زندگی اور بندگی کا شیوہ ہے۔ ہم بحیثیت مسلمان ہماری پوری زندگی تسلیم و رضا سے عبارت ہے۔ اسلام پر قربانی کا مقصد اطاعت و تقویٰ پرہیز گاری ہے۔ پاکی آدھا ایمان ہے، اسلامی تعلیمات میں پاکیزگی کی سختی سے تاکید کی گئی ہے۔ قربانی کے موقع پر صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ مولانا نے حجاج کرام کے منیٰ سانحہ میں جاں بحق ہونے پر خصوصی دعاء کی۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید متین علی شاہ قادری نے عید گاہ گنبدان قطب شاہی قلعہ گولکنڈہ میں عیدالاضحی کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مختلف محکمہ جات آبرسانی، پولیس، ٹرانسکو و بلدیہ کی جانب سے وسیع و عریض انتظامات عیدگاہ گنبدان قطب شاہی پر کئے گئے۔ ابتداء میں جناب غلام محی الدین پاشاہ نے عامتہ المسلمین سے اپیل کی کہ وہ آپسی اتحاد و اتفاق کو برقرار رکھیں اور تمام مصلیوں کا خیرمقدم کیا۔ جناب شیخ منور قادری، جناب حبیب زین العابدین عابد، جناب شکیل علی خان، جناب عامر علی خان اور دیگر نے انتظامات میں حصہ لیا۔ آخر میں انہوں نے تمام محکمہ جات کا شکریہ ادا کیا۔ ٭٭ قدیم عید گاہ مادنا پیٹ میں نماز عیدالاضحی 9 بجے ادا کی گئی۔ آیات ربانی اور نعت شریف سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ ابتدائی بیان مفتی محمد ظہیر نے کیا۔ خصوصی بیان علامہ سید شاہ محمود حسینی قادری الرفاعی المعروف سعادت پیر بغذادی نے کیا۔فضائل عیدالاضحی اور قربانی کے مسائل بیان کئے گئے۔ امامت و خطابت کے فرائض حافظ و قاری سید شاہ محمد یوسف مدنی امام و خطیب سجادہ نشین و متولی درگاہ حضرت سید امام علی شاہ قادری ؒ عید گاہ قدیم مادنا پیٹ نے انجام دیئے۔ بعد نماز عالم اسلام  بالخصوص حجاج کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ عیدالاضحی کے موقع پر فرزندان توحید و رسالت کا کثیر اجتماع دیکھا گیا۔ صلوٰۃ و سلام کے ساتھ عید کی تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔ ٭٭ خطیب و امام مسجد حج ہاوز نامپلی حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے حج ہاوز میں نماز عیدالاضحی و خطبہ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکار دو عالم ؐ نے قیامت تک کے ہر مسلمان کو یہی تعلیم دی ہے کہ وہ اپنے پروردگار کی رضا جوئی اور خوشنودی حاصل کرنے کیلئے ہر قسم کی قربانی کا جذبہ پیدا کریں۔ آپؐ خود نے بھی کر دکھایا اور اپنے گھر کے ہر فرد کو اس طرح کی قربانی پیش کرنے کا اہل بنادیا۔ آپؐ کے نواسے حضرت سیدنا امام حسین ؓ نے قربانی کی ایک عظیم الشان مثال ایسی قائم کی جو رہتی دنیا تک کے لئے خدا کی رضامندی کو تلاش کرنے کیلئے نشان راہ اور مشعل کا کام دیتی ہے۔ آخر میں بتایا کہ اسلام اور مسلمانوں کی ترقی کا راز اسی قربانی میں مضمر ہے ۔ قربانی درحقیقت اسی عہد و پیماں کا نام ہے۔