دونوں شہروں میں عیدالاضحی جوش و خروش سے منائی گئی

حیدرآباد ۔ 7 اکٹوبر ۔ ( سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں عیدالاضحی جوش و خروش کے ساتھ ساتھ انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ منائی گئی ۔ نماز عیدالاضحی کا سب سے بڑا اجتماع عیدگاہ میرعالم پر دیکھا گیا جہاں لاکھوں افراد نے نماز عیدالاضحی ادا کی ۔ نماز عیدالاضحی سے قبل مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ اور ڈاکٹر سیف اﷲ شیخ الادب جامعہ نظامیہ نے فضائل عیدالاضحی کے عنوان سے خطاب کیا ۔ بعد ازاں مولانا حافظ محمد رضوان قریشی کی امامت میں نماز عیدالاضحی ادا کی گئی ۔ اِسی طرح عیدگاہ مادنا پیٹھ ، عیدگاہ بالمرائی ، عیدگاہ سکندرآباد ، عیدگاہ بلالی ہاکی گراؤنڈ مانصاحب ٹینک ، عیدگاہ عنبرپیٹھ کے علاوہ شہر کی بڑی مساجد اور وسیع و عریض میدانوں میں نماز عیدالاضحی کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا ۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے فضائل عیدالاضحی بیان کرتے ہوئے کہا کہ قربانی کے فریضہ کی ادائیگی تقرب الٰہی کا باعث ہے ۔

انھوں نے عامتہ المسلمین کو قربانی کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ جذبۂ قربانی پیدا کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کی خوشنودی کے حصول کے لئے اﷲ کی راہ میں ہر شئے کی قربانی کیلئے ہمیں تیار رہنا چاہئے ۔ انھوں نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران کہا کہ عیدالاضحی سنت ابراہیمیؑ کی یاد تازہ کرنے کا ذریعہ ہے اور سنت ابراہیمیؑ کے مطابق ہمیں زندگی گذارنے کیلئے ہمیشہ تیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ مولانا جعفر پاشاہ نے عیدین کے موقع پر غرباء و مساکین کا بھی خصوصی خیال رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ عید کی خوشیوں میں اُنھیں شامل کرنا بھی ضروری ہے چونکہ یہ تعلیمات آقائے نامدار حضرت محمد مصطفی صلی اﷲ علیہ وآلہٖ و سلم کی دی ہوئی ہیں جن پر عمل کرنا اُمت مسلمہ کا فریضہ ہے ۔ ڈاکٹر سیف اﷲ شیخ الادب جامعہ نظامیہ نے اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران قربانی کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا اور کہا کہ جانور کی قربانی کے ذریعہ ہمیں یہ نہیں سمجھنا چاہئے کہ ہم نے فرض ادا کردیا ہے ، بلکہ ہمیں اﷲ کی راہ میں اپنی ہر عزیز شئے کو قربان کرنے کا جذبہ پیدا کرتے ہوئے زندگی گذارنے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ حج بیت اﷲ کی ادائیگی اور قربانی اﷲ تعالیٰ کے پسندیدہ اعمال میں سے ہے ، جس میں بندہ اپنے رب کی رضا کو فوقیت دینے کیلئے تکالیف برداشت کرتا ہے ۔

ڈاکٹر سیف اﷲ نے عامتہ المسلمین کو مشورہ دیا کہ وہ عید کے موقع پر اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ ساتھ غرباء ومساکین کا خصوصی خیال رکھیںتاکہ ہمیں اﷲ تعالیٰ عید کے موقع پر خوشیوں میں دوسروں کو شامل کرنے کے اجر سے بھی نوازے۔ تاریخی مکہ مسجد میں مولانا حافظ محمد عثمان نقشبندی نے نماز عیدالاضحی کی امامت کی اور خطبہ دیا۔ شاہی مسجد باغ عامہ میں حافظ محمد عبدالرحمن الحمومی نے نماز عیدالاضحی کی امامت کی ۔ عیدگاہ قدیم مادنا پیٹھ میں نماز عیدالاضحی کی امامت مولانا داؤد مدنی نے کی ۔ عیدگاہ بلالی ہاکی گراؤنڈ میں مولانا شاہ جمال الرحمن نے فضائل عید بیان کئے ۔ مولانا مفتی تجمل حسین نے نماز عیدالاضحی کی امامت کی ۔ عیدگاہ اُجالے شاہ میں نماز عید سے قبل مولانا خالد سیف اﷲ رحمانی نے فضائل عید بیان کئے ۔ نظام کالج گراؤنڈ پر نماز عید سے قبل مولانا مفتی عمر عابدین نے فضائل عید بیان کئے ۔

عیدگاہ سرورنگر میں نماز عید مولانا حافظ و قاری خواجہ حامدالدین نے پڑھائی ، قبل ازیں مولانا مفتی محمد قاسم صدیقی تسخیرؔ نائب مفتی جامعہ نظامیہ نے فضائل عید بیان کئے ۔ عیدگاہ گنبدان قطب شاہی میں مولانا سید متین علی شاہ قادری نے فضائل عید بیان کئے ۔ جامع مسجد عالیہ گن فاؤنڈری میں نماز عیدالاضحی کی امامت مولانا حافظ و قاری محمد نصیرالدین نے کی ۔ جامع مسجد بارکس میں مولانا حامد قریشی کامل جامعہ نظامیہ نے خطاب کیا جبکہ نماز عید حافظ و قاری علی بن عبدالرحمن بصراوی نے پڑھائی ۔ جامع مسجد چوک میں نماز عید کی امامت مولانا حافظ علیم قریشی نے کی ۔ ریڈہلز پلے گراؤنڈ میں اول وقت نماز عیدالاضحی پڑھائی گئی ۔ مولانا عبیدالرحمن اطہر ندوی نے نماز عید کی امامت کی۔ عیدگاہ اہلحدیث وادی حدیث جل پلی میں مولانا عبدالرحیم خرم جامعی نے نماز عید کی امامت کی ۔ این ٹی آر اسٹیڈیم میں مولانا ابوالحسن پرتاب گڑھی نے نماز عید کی امامت کی اور فضائل عید بیان کئے ۔ ہاکی گراؤنڈ اعزہ ہائی اسکول ملک پیٹھ میں مولانا صفی احمد مدنی نے نماز عید کی امامت کی ۔ قلی قطب شاہ اسٹیڈیم روبرو سٹی کالج میں مولانا شفیق عالم خان جامعی نے نماز عیدالاضحی کی امامت کی ۔ نماز عیدالاضحی کی ادائیگی کے بعد دونوں شہروں کے مسلمانوں نے قربانی کا فریضہ انجام دیا۔ شہر کے بیشتر مقامات پر صبح کی اولین ساعتوں تک بھی قربانی کے جانور فروخت کئے جاتے رہے ۔

عیدگاہ میرعالم کے قریب آندھراپردیش ریاستی وقف بورڈ ، تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ، محکمہ برقی ، محکمہ آبرسانی کے علاوہ محکمہ پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے ا پنے ماتحت عہدیداروں کے ہمراہ پولیس کی جانب سے خصوصی طورپر تیار کردہ کیمپ میں مصلیوں سے ملاقات کرتے ہوئے انھیں عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی ۔ شہر کی بیشتر عیدگاہوں اور جامع مسجد کے قریب کشمیر کے سیلاب متاثرین کیلئے فنڈس جمع کرنے والوں کی بھی بڑی تعداد دیکھی گئی ۔ آئمہ مساجد و خطیب حضرات نے سیلاب کے متاثرین کی امداد کیلئے اپیلیں بھی کی۔