حیدرآباد۔ 26 مئی (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں شب معراج کے موقع پر جلسہ ہائے عام کا انعقاد عمل میں آیا۔ مختلف مقامات پر منعقد جلسے شب معراج سے علمائے کرام و مشائخین عظام نے اپنے خطاب کے دوران اُمت مسلمہ کو تلقین کی کہ وہ معراج کے موقع پر اللہ کی جانب سے رسول اللہ کے ذریعہ امت کو دیئے گئے نماز کے تحفے کو قبول کرکے نماز قائم کریں۔ علما نے اُمت میں پھیل رہی بے راہ روی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ نبی اکرم ؐ نے اپنی اُمت کو جو تحفہ نماز کی شکل میں دیا ہے، اس تحفہ کے ذریعہ امت تمام تر بے راہ رویوں سے محفوظ رہ سکتی ہے۔ مرکزی جلسہ شب معراج جامع مسجد چوک میں منعقد ہوا جس کی نگرانی الحاج مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے کی۔ علماء نے کہا کہ واقعہ معراج سے ملت اسلامیہ کو جو درس حاصل ہوتا ہے اسے سمجھنے کی ضرورت ہے۔
مولانا سید شاہ جمال الرحمن مفتاحی نے امت محمدیہ کو مشورہ دیا کہ وہ نماز قائم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کریں۔ نماز ایک ایسی عبادت ہے جو تمام برائیوں سے انسان کو روکتی ہے۔ اسکے علاوہ معراج النبیؐ کانفرنس مغلپورہ پلے گراؤنڈ میں کُل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیراہتمام منعقد ہوئی ۔ مولانا ڈاکٹر سید ارشاد احمد بخاری و علامہ مجیب الرحمن مصباحی نے شرکت کی۔ قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں بزم رحمت عالم کے زیراہتمام منعقدہ مرکزی جلسہ شب معراج میں مولانا محمد شمیم الزماں قادری نے مخاطب کیا۔ کئی مساجد و دینی مدارس میں جلسہ معراج کا انعقاد عمل میں آیا۔ علاوہ ازیں کئی دینی مدارس میں شب معراج کے موقع پر خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ لوگ مساجد میں عبادات میں مصروف دیکھے گئے ۔