دونوں شہروں میں شب قدر کا خشوع و خصوع سے اہتمام

خصوصی دعاوں اور جلسوں کا انعقاد۔ رمضان کے بعد بھی عبادتیں جاری رکھنے کی تلقین
حیدرآباد۔22جون(سیاست نیوز) دونوں شہروں میں شب قدر کا انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام عمل میں لایا گیا اور مختلف مقامات پر جلسہ ہائے شب قدر کا انعقاد عمل میںلایا گیا ۔ مختلف مساجد میں بعد نماز تراویح باجماعت صلواۃ التسبیح کا اہتمام کیا گیا تھا اور جن مساجد میں معتکفین موجود ہیں ان میں اجتماعی شب قدر کا خصوصی اہتمام و دعائیں کی گئیں ۔ علماء اکرام نے جلسہ ہائے شب قدر سے خطاب کے دوران امت مسلمہ کو مشورہ دیا کہ وہ ماہ رمضان کو وداع کرتے ہوئے اس بات کا عہد کریں کے مابقی زندگی بھی ماہ رمضان کی طرح گذاریں گے کیونکہ بحیثیت مسلمان ہماری اولین ترجیح اللہ کو راضی کرنا اور اس پر مکمل ایمان رکھنا ہونی چاہئے اور یہ اللہ کے رسول ﷺ کی اتباع میں ہی ممکن ہے۔ دنوں شہروں کے مرکزی مقامات پر لیلۃ القدر کانفرنس اور مرکزی جلسہ شب قدر منعقد کئے گئے ۔ جامع مسجد چوک میں حسب عمل درآمد قدیم امارت ملت اسلامیہ کے زیر اہتمام مرکزی جلسہ شب قدر کا انعقاد عمل میں لایا گیا اور اس جلسہ سے خطاب میں مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے 27ویں شب کو شب قدر کے اہتمام کے ساتھ طاق راتوں کو میں ہزار راتوں سے افضل اس رات کو تلاش کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ہمیں رمضان کی جو برکات عطا کی ہیں ان میں سب سے اہم یہ شب ہے جسے اکثر لوگ رائیگاں کردیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس شب مقدس کو پانے کیلئے کوشش کرنے کی تاکید کی گئی ہے اسی لئے امت کو چاہئے کہ وہ احکام پر عمل آوری کے ذریعہ اس مقدس رات میں اللہ اور اس کے رسولﷺ کو راضی کروالیں۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے کہا کہ ماہ رمضان المبار ک کے دو دہے گذر چکے ہیں اور آخری عشرہ کے کچھ ایام رہ گئے ہیں ان ایام کو غنیمت جانیں اور اپنی بخشش کا سامان کرلیں۔ علماء نے مختلف مقامات پر منعقدہ جلسوں سے خطاب کے دوران کہا کہ ہندستان میں امت مسلمہ جن حالات سے گذر رہی ہے ان میں امت کو چاہئے کہ وہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں اور دعاء کے ذریعہ فتح و نصرت طلب کریں کیونکہ اللہ کے نبی ﷺ نے فرمایا کہ ’دعاء مومن کا ہتھیار ہے‘ ۔ مساجد میں جہاں معتکفین موجود ہیں نے شب قدر کے موقع پر خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرتے ہوئے امت کی سربلندی اور اتحاد امت کیلئے دعائیں کی گئیں۔ معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے علماء نے کہا کہ اعتکاف کے ذریعہ قرب الہی حاصل کرنے والوں کو چاہئے کہ وہ امت کے دیگر نوجوانوں کو بھی دینی تعلیمات پر ہمہ وقت عمل پیرا رہنے کی ترغیب دیں ۔ شہر کی کئی مساجد میں صلواۃ التسبیح ‘ تہجد اور اعمال شب قدر کے بعد خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ۔ شہر کے مختلف مقامات پر محکمہ پولیس کی جانب سے شب قدر کے پیش نظر خصوصی بندوبست کیا گیا تھا۔