دونوں شہروں میں سیاسی پوسٹرس کو ہٹانے کا آغاز

حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے ملک بھر میں عام انتخابات کے شیڈول کی اجرائی کے بعد سے انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے اور سیاسی جماعتیں انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کرچکی ہیں لیکن آج آندھرا پردیش چیف الکٹورل آفیسر کی جانب سے ریاست میں 30 اپریل کو ہونے والے پہلے مرحلہ کے انتخابات کے اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کا انفورسمنٹ عملہ متحرک ہوچکا ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف علاقوں میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے لگائے گئے تشہیری مواد کو ہٹانے کے کاموں کا شدت سے آغاز کردیا گیا ہے ۔

ریاست آندھرا پردیش میں دو مرحلوں میں رائے دہی کا عمل مکمل کیا جانے والا ہے اور تلنگانہ کے علاقوں میں پہلے مرحلہ کی رائے دہی ہورہی ہے ۔ پہلے مرحلہ کی رائے دہی کے لیے انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے انفورسمنٹ سیل کو متحرک کردیا گیا ہے کہ وہ بلا اجازت چسپاں کردہ پوسٹرس ، بیانرس اور ہورڈنگس کو نکالنے کا آغاز کریں اور سرکاری املاک جیسے برقی کھمبوں ، آر ٹی سی بسوں ، بس شیلٹرس پر چسپاں یا آویزاں کردہ تشہیری مواد کے متعلق ضلع انتخابی عہدیدار کو رپورٹ کریں ۔ دونوں شہروں میں انتخابی مہم کے شدت اختیار کئے جانے کے بعد سے جو صورتحال پیدا ہوئی ہے ایسا سابق میں عہدیداروں کو کبھی متحرک نہیں دیکھا گیا تھا جس طرح عہدیدار ان انتخابات میں متحرک نظر آرہے ہیں ۔ سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے علاوہ انتخابی عہدیداروں کے عملہ کی جانب سے شروع کی گئی اس اچانک کارروائی سے حیران ہیں چونکہ اب تک کسی بھی الیکشن میں ایسی سرعت کے ساتھ یہ کارروائیاں نہیں ہوا کرتی تھیں ۔ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بعد سے انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ میں سختی شروع کردی جاتی ہے ۔ لیکن اس مرتبہ ریاست میں صدر راج کے سبب زیادہ سختی کئے جانے کا امکان ہے ۔

انتخابی عہدیداروں کے بموجب شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کے لیے یہ ضروری ہے کہ قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے ۔ اسی لیے تمام متعلقہ محکمہ جات کو اس بات کی ہدایت دی جارہی ہے کہ وہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب سیاسی قائدین کے خلاف کارروائی میں کوئی پس و پیش نہ کریں بلکہ فوری کارروائی کو یقینی بناتے ہوئے عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کریں ۔ انتخابی ضلعی عہدیدار کی جانب سے اس سلسلہ روزانہ تفصیلات سے واقفیت حاصل کی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلعی انتخابی عہدیداروں نے سیاسی جماعتوں و امیدواروں کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران کئے جانے والے اخراجات پر خصوصی نظر رکھنے کے لیے علحدہ علحدہ ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور انہیں اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ بلا اجازت چسپاں کردہ پوسٹرس وغیرہ کو نہ صرف نکالا جائے بلکہ اس کی ویڈیو گرافی بھی کی جائے تاکہ ان کے خلاف کارروائی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ علاوہ ازیں بیانرس ، جھنڈے وغیرہ کی فروخت کے علاوہ تنصیب پر بھی خصوصی نظر رکھی جارہی ہے ۔۔