دونوں شہروں میں آج سے ہلمٹ کا لزوم

موٹر سیکلیں اور کار چلانے والوں کو لائسنس ساتھ رکھنے کی ہدایت

حیدرآباد ۔ یکم مارچ (این ایس ایس) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں تمام موٹر سیکل سواروں کے لئے ہیلمٹ کے لزوم اور لائسنس ساتھ رکھنے کے لزوم پر چہارشنبہ سے سختی سے عمل آوری کی جائے گی۔ ہیلمٹس کے بغیر موٹر سیکل چلانے والوں کے علاوہ سیٹ بیلٹ باندھے بغیر موٹر کار چلانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں موٹر سیکل سواروں اور کار چلانے والوں کے لئے اپنے ڈرائیونگ لائسنس ساتھ رکھنا بھی ضروری ہوگا بصورت دیگر انھیں سخت سزا دی جائے گی جس میں جرمانہ کے علاوہ جیل بھی ہوسکتی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حیدرآباد ہائی کورٹ نے بالخصوص ٹو وہیلرس کے حادثات اور بڑھتی ہوئی اموات کا نوٹ لیتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس کو ہدایت کی تھی کہ اسکوٹر اور موٹر سیکل چلانے والوں کے لئے ہیلمٹ کے استعمال کو سختی کے ساتھ یقینی بنایا جائے۔ چنانچہ اس ضمن میں شعور بیدار کرنے کے لئے محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹریفک پولیس نے بڑے پیمانے پر مہم چلائی تھی۔