سیما آندھرا ملازمین کو تلنگانہ میں فائز کرنے کی سازش ، دیوی پرساد صدر تلنگانہ این جی اوز کا بیان
حیدرآباد۔/23مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ این جی اوز کے صدر دیوی پرساد نے دونوں ریاستوں میں سرکاری ملازمین کی تقسیم میں بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا اور کہا کہ سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کو تلنگانہ میں فائز کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیوی پرساد نے کہا کہ ملازمین کی تقسیم کے سلسلہ میں عہدیداروں نے جو طریقہ کار اختیار کیا اس سے تلنگانہ ملازمین میں مختلف اندیشے پائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سکونت کی بنیاد پر ہی ملازمین کی تقسیم ہونی چاہیئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بے قاعدگیوں کے ذریعہ تلنگانہ میں خدمت انجام دینے کی کوشش کرنے والے سیما آندھرا ملازمین کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملازمین کو تلنگانہ حکومت اور سیما آندھرا ملازمین کو آندھرا پردیش حکومت میں رکھا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی شکایات ملی ہیں کہ سیما آندھرا ملازمین جعلی سرٹیفکیٹس پیش کرتے ہوئے تلنگانہ میں برقرار رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ این جی اوز کا ایک وفد کل چیف سکریٹری پی کے موہنتی سے ملاقات کرتے ہوئے ملازمین کی تقسیم کے بارے میں معلومات حاصل کرے گا۔ دیوی پرساد نے کہا کہ ملازمین کی تقسیم میں سیما آندھرا کے ساتھ کسی بھی ناانصافی کی صورت میں اسوسی ایشن احتجاج منظم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے تلنگانہ ملازمین ناانصافیوں کے خلاف مسلسل جدوجہد کررہے ہیں۔ اب جبکہ علحدہ ریاست تلنگانہ قائم ہونے جارہی ہے سیما آندھرا ملازمین کو تلنگانہ میں برقرار نہیں رکھا جانا چاہیئے۔ تلنگانہ کی نئی حکومت کو چاہیئے کہ وہ ملازمین کی تقسیم کے سلسلہ میں جاری ناانصافیوں کے ازالہ پر توجہ دیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹی آر ایس کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی ملازمین کی شکایات کا جائزہ لینے کے بعد مناسب قدم اٹھائے گی۔