پارٹی انتخابات کا سامنا کرنے کیلئے تیار۔ ڈی پورندیشوری
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : سابق مرکزی وزیر و بی جے پی قائد ڈی پورندیشوری نے کہا ہے کہ خواہ انتخابات کبھی بھی منعقد ہوں بی جے پی ان کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نہ صرف تلگو ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی بلکہ ملک کی دیگر ریاستوں سے بھی کامیابی حاصل کرے گی ۔ ڈی پورندیشوری آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست آندھرا پردیش میں جو بھی تیز رفتار ترقی ہورہی ہے وہ صرف مرکزی حکومت کے تعاون سے ممکن ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک کی تقریبا تمام ریاستیں بڑے پیمانے پر ترقی حاصل کررہی ہیں بالخصوص آندھرا پردیش میں بھی مرکز نے برسر اقتدار تلگو دیشم کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ رقومات فراہم کی ہیں۔ ۔ پورندیشوری نے میڈیا کے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے ریاست آندھرا پردیش و ریاست تلنگانہ میں سال 2019 میں منعقد ہونے والے انتخابات کے لیے انتخابی مفاہمت سے متعلق مرکزی قیادت ہی کرے گی اور ریاستی پارٹی قیادت کو مرکزی قیادت کے فیصلہ پر ہی اقدامات کرنا ہوگا ۔ انہوں نے وشاکھا پٹنم میں چاری اراضیات معاملتوں میں پائی جانے والی بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کے واقعات کا تذکرہ کیا اور ان تمام بے قاعدگیوں کی اعلیٰ سطحی جامع تحقیقات کروانے کا حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ۔