سابق وزیر دتاتریہ کی نمائندگی پر مرکزی وزیر بریندرا سنگھ کا تیقن
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : مرکزی وزیر اسٹیل مسٹر چودھری بریندرا سنگھ نے سابقہ مرکزی وزیر مسٹر بنڈارو دتاتریہ کو تیقن دیا کہ پلونچہ ، تلنگانہ میں اسفنج ۔ ایرن پلانٹ کو قائم کریں گے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ این ایم ڈی اس ذمہ داری کو لے کر پلانٹ کی گنجائش کو موجودہ 0.40 ملین سے بڑھا کر 1.50 ملین کردے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کی اولین ترجیح ترقی ہے چنانچہ آندھرا اور تلنگانہ حکومتوں کو مشورہ دیا کہ ترقیاتی کاموں کو سیاسی موضوع نہ بنائیں ۔ انہوں نے سابق مرکزی وزیر جن کے ساتھ ویدیرا سری رام اور سرینواس نائیڈو بھی موجود تھے ان سے دہلی میں ملاقات کے بعد یہ بیان دیا ہے ۔ اس موقع پر مسٹر پی کے سنگھ ، سی ایم ڈی سیل بھی موجود تھے ۔ مسٹر بنڈارو دتاتریہ نے بیارام اور کڑپہ میں اسٹیل پلانٹ جن کا قیام آندھرا اور تلنگانہ ریاستوں میں ہونے والا ہے زیر بحث رہا ۔ گذشتہ سال 2017 میں ہوئی میٹنگ کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر چودھری نے کہا کہ آندھرا اور تلنگانہ حکومتوں نے مرکز کو تیقن دیا تھا کہ اسٹیل پلانٹ کے قیام میں دونوں ریاستیں ممکنہ حد تک مرکز کو مراعات فراہم کریں گی ۔ لیکن دونوں ریاستیں ابھی تک مرکز کو کوئی بھی اطلاع نہیں دی کہ وہ مرکز کو کس قسم کی سہولتیں دینے تیار ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی اسٹیل وزارت نے سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کیا کہ دونوں ریاستوں کی جانب سے اس سلسلہ میں ابھی جواب مطلوب ہے اور جواب ملنے پر اس منصوبہ پر عمل درآمد کیا جائے گا ۔ لیکن بدقسمتی سے دونوں ریاستوں نے الزام لگایا کہ مرکز اسٹیل پلانٹ کے قیام میں دلچسپی نہیں رکھتی جو سراسر غلط ہے ۔ مسٹر دتاتریہ نے دنوں ریاستوں پر الزام لگایا کہ وہ ترقی کے مسئلہ کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں ۔ کل ہی تلنگانہ وزیر مسٹر کے ٹی راما راؤ نے مرکز کو مجوزہ رعایتوں کی فراہمی کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ مسٹر دتاتریہ نے کہا کہ مسٹر راما راؤ کو یہ عمل بہت پہلے ہی کرنا چاہئے تھا ۔ وہ اگر اسی وقت یہ قدم اٹھاتے تو ریاست میں ابھی تک اسٹیل پلانٹ قائم ہوجاتا ۔ پلانٹس کے قیام میں تاخیر دراصل ان کے تاخیری طرز عمل کی وجہ سے ہے ۔ 2016 میں ایک ٹاسک فورس تشکیل دی تھی جس کا مقصد ریاستوں میں اسٹیل پلانٹس کے قیام کا منصوبہ تھا ۔ اسی دوران مرکزی وزیر نے اطلاع دی کہ پلونچہ میں اسفنج ۔ ایرن اسٹیل فیکٹری کا قیام تیار ہے ۔ مسٹر دتاتریہ نے مرکزی وزیر ایچ آر ڈی مسٹر پرکاش جاویڈکر نے بھی ملاقات کی اور کریم نگر اور ورنگل میں قبائلی یونیورسٹیز اور کوٹھی ویمنس کالج میں IIM کے قیام کی درخواست پیش کی ۔ مرکزی وزیر نے مسٹر دتاتریہ کو تیقن دیا کہ وہ ان کی درخواست پر غور کریں گے اور تیقن دیا کہ قبائلی یونیورسٹی اور کریم نگر میں آئی آئی ٹی کے لیے جلد منظوری دیں گے ۔۔