دونوں تلگوریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سردی کی لہر

حیدرآباد 2نومبر(یواین آئی )دونوں تلگوریاستوں تلنگانہ اور آندھراپردیش میں سردی کی لہر دیکھی جارہی ہے ۔اچانک درجہ حرارت میں گراوٹ ہوگئی ہے ۔دن کے درجہ حرارت میں اضافہ اور رات کے درجہ حرارت میں گراوٹ ہورہی ہے ۔رات کا درجہ حرارت16تا 17ڈگری درج کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں گزشتہ شب درجہ حرارت18ڈگری درج کیا گیا جبکہ نظام آباد میں 17ڈگری سلسیس رہا ۔محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہے کہ درجہ حرارت میں مزید گراوٹ ہوگی۔شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں میں صبح کے اوقات میں سردی کے ساتھ ساتھ کہر کی گھنی چادر بھی دیکھنے میں آرہی ہے ۔یہ کہر کی گھنی چادر صبح پانچ بجے سے شروع ہورہی ہے اور تقریبا 9بجے صبح تک برقرار رہ رہی ہے جس سے گاڑی سواروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔